واشنگٹن کی پابندیاں بے اثر، درجنوں ایرانی بحری جہاز آبنائے ہرمز پار کرنے میں کامیاب

ایرانی حکام نے دعویٰ کیا ہے کہ ایرانی بحریہ نے امریکی دھمکیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے ٹینکرز کو بحفاظت منزل تک پہنچایا ہے، ایک ہفتے کے دوران ایک کروڑ بیرل سے زائد خام تیل خلیج سے روانہ کیا گیا۔
عالمی توانائی کی نقل و حمل پر نظر رکھنے والے ایک تجزیاتی ادارے نے انکشاف کیا ہے کہ ایرانی بندرگاہوں کی امریکی بحری ناکہ بندی کے باوجود تہران کے تیل بردار بحری جہازوں کی آمد و رفت کا سلسلہ نہیں رک سکا۔
اعداد و شمار کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے ناکہ بندی کے نفاذ کے بعد کے دنوں میں خلیج کے اندر درجنوں بحری جہازوں کی نقل و حرکت ریکارڈ کی گئی ہے۔
تیل کی نقل و حمل پر نظر رکھنے والے ادارے وارٹیکسا کے مطابق پابندیوں کا شکار اور ایران سے وابستہ چونتیس بحری ٹینکرز کو خلیج میں آتے اور جاتے ہوئے دیکھا گیا ہے۔ یہ سرگرمیاں تیرہ اپریل سے پیر کے درمیان رپورٹ ہوئیں، جن میں انیس بحری جہاز خلیج سے باہر نکلے جبکہ پندرہ اندر داخل ہوئے۔
یہ بھی پڑھیں : کھاد اور تیل کی قیمتوں میں اضافہ، اقوام متحدہ کا آبنائے ہرمز کھولنے کا مطالبہ
برطانوی خبر رساں ادارے کے مطابق ان میں سے چھ ٹینکرز کے بارے میں تصدیق ہوئی ہے کہ وہ ایرانی خام تیل لے جا رہے تھے، جس کی مجموعی مقدار تقریباً ایک کروڑ سات لاکھ بیرل بنتی ہے۔
متعدد ایرانی تجارتی جہاز جن میں مائع گیس اور خام تیل لدا ہوا تھا، آبنائے ہرمز سے گزر کر چین، بھارت اور دیگر منزلوں کی جانب روانہ ہوئے۔
دوسری جانب ایرانی فوج نے باضابطہ طور پر اعلان کیا ہے کہ اس کا ایک تیل بردار بحری جہاز امریکی بحریہ کی بار بار کی وارننگ اور دھمکیوں کے باوجود بحیرہ عرب کو عبور کر کے ملکی علاقائی حدود میں داخل ہونے میں کامیاب ہو گیا ہے۔
ایرانی فوج کے تعلقات عامہ کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ اس جہاز کو ایرانی بحریہ کی مکمل سیکیورٹی اور نگرانی میں لایا گیا تاکہ اسے کسی بھی حادثے سے بچایا جا سکے۔
بیان کے مطابق یہ ٹینکر ایران کی ایک جنوبی بندرگاہ پر لنگر انداز ہو چکا ہے۔ اس سے قبل ایرانی خبر رساں ایجنسی تسنیم کی جانب سے بھی اطلاع سامنے آئی تھی کہ ایک ایرانی مال بردار جہاز نے واشنگٹن کی جانب سے عائد کردہ تمام تر پابندیوں کو بالائے طاق رکھتے ہوئے آبنائے ہرمز کو کامیابی سے پار کر لیا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












