جارحیت ہوئی تو اسمارٹ ٹارگٹنگ ٹیکنالوجی کا استعمال کریں گے، جو امریکی بیڑوں کو راکھ بنا دے گی، ایرانی فورسز

ایرانی فورسز کا کہنا ہے کہ جارحیت ہوئی تو اسمارٹ ٹارگٹنگ ٹیکنالوجی سمیت جدید بحری صلاحیتیں دنیا کے سامنے لائیں گے، جو امریکی بیڑوں کو ناقابل استعمال بنا دیں گی۔ ابھی کئی ایسے پتے موجود ہیں، جو اب تک کھیلے نہیں گئے۔
ایران کی اسلامی انقلابی گارڈ فورسز نے امریکہ کی جانب سے بڑھتے ہوئے دباؤ اور ممکنہ جارحیت کے جواب میں اپنی جدید ترین بحری اور دفاعی صلاحیتوں کو استعمال کرنے کی دھمکی دی ہے۔
انقلابی گارڈز کی بحریہ کے کمانڈر کے سیاسی معاون محمد اکبر زادہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تہران اپنی ’اسمارٹ ٹارگٹنگ ٹیکنالوجی‘ سمیت کئی جدید بحری نظام متعارف کرانے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے واشنگٹن کو خبردار کیا کہ اگر اس نے خطے میں تناؤ کو مزید بڑھانے کی کوشش کی تو ایران ان ہتھیاروں کو سامنے لائے گا، جو اب تک خفیہ رکھے گئے ہیں۔
اکبر زادہ نے اپنے خطاب میں امریکی بحری بیڑوں کو براہ راست مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ایران پر کسی بھی قسم کا حملہ کیا گیا، تو خطے میں موجود بڑے امریکی جنگی جہاز آگ کے شعلوں کی لپیٹ میں ہوں گے اور انہیں مکمل طور پر ناکارہ بنا دیا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : ہمیں بھی حصہ چاہیے! مارکو روبیو نے آبنائے ہرمز پر امریکہ کا اصل ارادہ ظاہر کر دیا
انہوں نے مزید کہا کہ جارحیت کی صورت میں صرف ایران ہی نہیں بلکہ ’مزاحمتی بلاک‘ کے دیگر تمام مہرے بھی متحرک ہو جائیں گے، جو ایران کی وسیع تر دفاعی حکمت عملی کا حصہ ہے۔
دوسری جانب انقلابی گارڈز کے مشیر بریگیڈیئر جنرل محمد رضا نقدی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے پاس میزائل اور ڈرون ٹیکنالوجی کے وہ جدید نظام موجود ہیں، جو جنوری 2026 میں تیار کیے گئے ہیں اور کسی بھی دوبارہ شروع ہونے والی جارحیت کا منہ توڑ جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
جنرل نقدی نے ان دعوؤں کو مسترد کر دیا کہ ایران کی بحری صلاحیتیں کمزور ہو گئی ہیں یا انہیں نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اگر دشمن نے ایرانی بحریہ کو ختم کر دیا ہے تو وہ اب تک آبنائے ہرمز کو دوبارہ کھولنے میں ناکام کیوں ہیں؟
ان کا کہنا تھا کہ ایران کی اصل طاقت اس کی زمینی افواج میں ہے، جنہیں اب تک میدان میں نہیں اتارا گیا، اور تہران کے پاس اب بھی کئی ایسے کامیاب پتے موجود ہیں، جن کا استعمال ابھی باقی ہے۔
انہوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایک لاپرواہ اور جذباتی شخص قرار دیتے ہوئے کہا کہ واشنگٹن مذاکرات کے دوران ایرانی عوام کو گمراہ نہیں کر سکے گا اور ایران اپنی خودمختاری پر کسی صورت سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












