پیر، 4-مئی،2026
پیر 1447/11/17هـ (04-05-2026م)

پاسدارانِ انقلاب کا امریکہ کو جنگ یا معاہدے میں سے ایک راستہ چننے کا الٹی میٹم

04 مئی, 2026 08:30

پاسدارانِ انقلاب کی انٹیلیجنس نے امریکہ کو ایک انتہائی سخت اور واضح پیغام بھیجا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ واشنگٹن کو اب جنگ یا معاہدے میں سے کسی ایک راستے کا انتخاب کرنا ہوگا۔

ایرانی حکام کے مطابق ایران کے طاقتور عسکری ادارے پاسدارانِ انقلاب کی انٹیلیجنس نے پینٹاگون کو ایرانی بندرگاہوں پر عائد تمام پابندیاں فوری طور پر اٹھانے کے لیے حتمی ڈیڈ لائن دے دی ہے۔

یہ پابندیاں رواں سال تیرہ اپریل کو اس وقت لگائی گئی تھیں، جب ایران اور امریکہ کے درمیان ہونے والے مذاکرات کا پہلا دور کسی حتمی نتیجے پر پہنچے بغیر ختم ہو گیا تھا اور فریقین جنگ بندی کے معاہدے پر متفق نہیں ہو سکے تھے۔

پاسدارانِ انقلاب کی انٹیلیجنس رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے پاس اب صرف دو ہی راستے باقی بچے ہیں۔

وہ یا تو ایران کے خلاف ایک ایسی فوجی کارروائی کا انتخاب کریں، جو ان کے لیے ناممکن حد تک مشکل ثابت ہوگی، یا پھر وہ ایران کی شرائط پر مبنی ایک ایسا معاہدہ قبول کریں، جسے وہ اب تک خراب معاہدہ قرار دیتے رہے ہیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے تسنیم کی رپورٹ کے مطابق پاسدارانِ انقلاب کا مؤقف ہے کہ بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں امریکہ کے لیے فیصلے کرنے کی گنجائش انتہائی کم ہو چکی ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران نے پاکستان ذریعے امریکہ کو 14 نکاتی جامع تجاویز پیش کر دیں

اس رپورٹ میں یہ دعویٰ بھی کیا گیا ہے کہ چین، روس اور یہاں تک کہ یورپی ممالک کے رویوں میں بھی واشنگٹن کے حوالے سے بڑی تبدیلی آئی ہے، جو امریکہ کے لیے سفارتی محاذ پر تنہائی کا اشارہ ہے۔

دوسری جانب ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے تہران کے مؤقف کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگرچہ ایران کو امریکہ کی نیت اور اس کے سفارتی عمل پر ذرہ برابر بھی بھروسہ نہیں ہے، لیکن اس کے باوجود تہران اپنے قومی مفادات کے تحفظ کے لیے سفارت کاری کے دروازے بند نہیں کرے گا۔

انہوں نے کہا کہ شکوک و شبہات اپنی جگہ موجود ہیں مگر ہم قومی مفاد کی خاطر بات چیت کو بہتر راستہ سمجھتے ہیں۔ نائب وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ ایران کسی بھی صورتحال کا سامنا کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ہم اس بات کے لیے تیار ہیں کہ یا تو سفارتی کوششیں رنگ لائیں اور جنگ کا مستقل خاتمہ ہو جائے، یا پھر اگر حالات فوجی تصادم کی طرف جاتے ہیں تو ایران اس کے لیے بھی پوری طرح لیس ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔