جمعہ، 8-مئی،2026
جمعہ 1447/11/21هـ (08-05-2026م)

گورنر اسٹیٹ بینک نے پاکستانیوں کو بڑی خوشخبری سنادی

08 مئی, 2026 11:20

گورنر اسٹیٹ بینک آف پاکستان جمیل احمد نے کہا ہے کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ سے رقوم بیرون ملک منتقل کرنے پر کوئی پابندی نہیں ہے۔ یہ اکاؤنٹ مکمل طور پر ڈیجیٹل نظام کے تحت چلتا ہے اور اس میں رقم کی منتقلی اور نکالنے کا عمل آسان اور فوری ہے۔

قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے خزانہ کے اجلاس میں سرمایہ کاری سے متعلق بریفنگ دیتے ہوئے گورنر اسٹیٹ بینک نے بتایا کہ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ میں اس وقت 9 لاکھ سے زائد اکاؤنٹس کھولے جا چکے ہیں۔ یہ نظام بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے بنایا گیا ہے تاکہ وہ پاکستان میں آسانی سے مالی لین دین اور سرمایہ کاری کر سکیں۔

گورنر اسٹیٹ بینک کے مطابق مختلف مالی سالوں میں اس اسکیم کے ذریعے اربوں ڈالرز پاکستان آئے اور پھر کچھ رقم واپس بھی گئی۔ مالی سال 2022-23 میں تقریباً 300 ملین ڈالرز واپس گئے۔ جبکہ 2024 میں یہ رقم بڑھ کر 2.2 ارب ڈالرز تک پہنچ گئی۔ اسی طرح 2025 میں بھی تقریباً 2.3 ارب ڈالرز کا آؤٹ فلو ریکارڈ کیا گیا۔

ان کا کہنا تھا کہ رواں مالی سال کے پہلے نو ماہ میں بھی تقریباً 1.9 ارب ڈالرز روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ کے ذریعے ملک سے باہر گئے ہیں۔ تاہم اس کا مطلب یہ نہیں کہ نظام میں کوئی مسئلہ ہے، بلکہ یہ ایک کھلا اور ڈیجیٹل مالی نظام ہے جہاں سرمایہ کاری اور واپسی دونوں ممکن ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ حکومت کی نئی سرمایہ کاری پالیسی 2023 کے تحت غیر ملکی سرمایہ کاری کے لیے واضح قوانین موجود ہیں۔ سرمایہ کاری بینکنگ نظام کے ذریعے لائی جاتی ہے اور اسٹیٹ بینک میں رجسٹریشن کے بعد ہی منافع کی منتقلی ممکن ہوتی ہے۔

اجلاس میں یہ بھی بتایا گیا کہ مارچ میں روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسکیم میں ترامیم کے بعد مزید بہتری آئی ہے۔ ان تبدیلیوں کے بعد صرف مارچ میں 262 ملین ڈالرز کی آمد ریکارڈ کی گئی۔ جبکہ اپریل کے عبوری اعداد و شمار کے مطابق یہ رقم 320 ملین ڈالرز تک پہنچ گئی۔

حکام کے مطابق بیرون ملک مقیم پاکستانی اب آن لائن ہی نان ریزیڈنٹ اسٹیٹس حاصل کر سکتے ہیں، جس سے اکاؤنٹ کھولنے اور سرمایہ کاری کرنے کا عمل مزید آسان ہو گیا ہے۔

روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ روشن ڈیجیٹل اکاؤنٹ اسٹیٹ بینک کا ایک اہم منصوبہ ہے جو اوورسیز پاکستانیوں کو بغیر پاکستان آئے بینک اکاؤنٹ کھولنے، سرمایہ کاری، بلوں کی ادائیگی اور رقم کی ترسیل جیسی سہولیات فراہم کرتا ہے۔

Catch all the کاروبار News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔