فیفا ورلڈ کپ، گھانا نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاناما کو 1-0 سے ہرا دیا

فیفا ورلڈ کپ کے سنسنی خیز میچ میں گھانا نے آخری منٹ میں گول کر کے پاناما کو 1-0 سے شکست دے دی ہے، میچ کے بعد کھلاڑیوں میں لڑائی بھی ہوئی۔
کینیڈا کے شہر ٹورنٹو میں بارش کے دوران کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ کے گروپ ایل کے ایک سنسنی خیز میچ میں گھانا نے پاناما کو 1-0 سے ہرا دیا ہے۔
میچ کے دوسرے ہاف کے اضافی وقت کے 5 ویں منٹ میں کالیب یرینکی نے ایک بہترین جوابی حملے پر گول کر کے اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔
اس گول کے فوراً بعد کھلاڑیوں کے درمیان میدان میں لڑائی اور دھکم پیل شروع ہو گئی، جس کے بعد ریفری نے میچ ختم ہونے کی سیٹی بجا دی۔
میچ کا پہلا ہاف انتہائی سست رہا، جس میں پاناما کی ٹیم حاوی نظر آئی لیکن دوسرے ہاف میں دونوں ٹیموں نے کھیل کی رفتار تیز کر دی۔
یہ بھی پڑھیں : لیونل میسی کی شاندار ہیٹرک، ارجنٹائن نے الجزائر کو 3-0 سے ہرا دیا
گھانا کی ٹیم نے پہلے ہاف میں گول پر ایک بھی شاٹ نہیں لگائی تھی، جو اس ورلڈ کپ کا ایک منفی ریکارڈ ہے۔
گھانا کے گول کیپر لارنس اٹی زیگی نے پہلے ہاف میں پاناما کے حملے شاندار طریقے سے روکے، تاہم وہ زخمی ہونے کی وجہ سے دوسرے ہاف میں کھیل نہ سکے اور ان کی جگہ بنجمن اسارے نے سنبھالی۔
گھانا کی ٹیم کے اہم کھلاڑی تھامس پارٹے اس میچ میں شامل نہیں تھے کیونکہ برطانیہ میں جنسی حملوں کے الزامات کی وجہ سے کینیڈا نے انہیں ویزا دینے سے انکار کر دیا تھا، تاہم وہ امریکہ میں ہونے والے اگلے 2 میچوں کیلئے دستیاب ہوں گے۔
اس سے قبل بدھ کو اسی گروپ کے ایک میچ میں انگلینڈ نے کروشیا کو 4-2 سے شکست دی تھی۔ فیفا رینکنگ میں انگلینڈ 4، کروشیا 11، پاناما 34 اور گھانا 73 نمبر پر موجود ہے۔
گھانا کی ٹیم اب منگل کو میساچوسٹس میں انگلینڈ کا سامنا کرے گی، جبکہ پاناما کی ٹیم ٹورنٹو میں ہی کروشیا کے خلاف کھیلے گی۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












