پیر، 22-جون،2026
پیر 1448/01/07هـ (22-06-2026م)

ورلڈ کپ میں سست کارکردگی کے بعد رونالڈو شدید تنقید کی زد میں آگئے

22 جون, 2026 13:37

پرتگال کے فٹ بال کھلاڑی فرانسسکو کانسیساؤ نے ان خبروں کو مسترد کر دیا ہے کہ ٹیم کے کھلاڑیوں پر 41 سالہ اسٹار کرسٹیانو رونالڈو کو پاس دینے کا کوئی دباؤ ہوتا ہے۔

پرتگال کے نوجوان ونگر فرانسسکو کانسیساؤ نے پریس کانفرنس میں واضح کیا ہے کہ ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں ڈیموکریٹک ریپبلک آف کانگو کے خلاف 1-1 سے میچ ڈرا ہونے کے بعد کرسٹیانو رونالڈو پر ہونے والی تنقید بے جا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیم میں کسی بھی کھلاڑی پر یہ دباؤ نہیں ہوتا کہ وہ ہر صورت گیند رونالڈو کو ہی پاس کرے۔ کانسیساؤ کا کہنا تھا کہ وہ میدان میں صرف اسی کھلاڑی کو پاس دیتے ہیں، جو بہترین پوزیشن میں ہو اور جسے مخالف ٹیم کے کھلاڑی نے نہ گھیرا ہو۔

انہوں نے رونالڈو کو ٹیم کا ایک عام رکن قرار دیا، لیکن ساتھ ہی کہا کہ 41 سال کی عمر میں بھی رونالڈو کی کھیل کے لیے بھوک اور قیادت سب کے لیے ایک مثال ہے اور گول کرنے میں ان کا کوئی مقابلہ نہیں ہے۔

ورلڈ کپ کے پہلے میچ میں کرسٹیانو رونالڈو کی کارکردگی کافی سست رہی تھی اور انہوں نے پورے میچ میں صرف 25 بار گیند کو چھوا، جو کہ ان کے کیریئر میں کسی بڑے ٹورنامنٹ میں سب سے کم ہے۔

یہ بھی پڑھیں :  فیفا ورلڈ کپ : ایران نے اسٹار کھلاڑیوں سے لیس بیلجئیم کو برابری پر روک دیا

دوسری طرف ان کے پرانے حریف لیونل میسی نے ایک دن پہلے ہی ارجنٹائن کی طرف سے کھیلتے ہوئے الجزائر کے خلاف 3 گول اسکور کیے تھے، جس کی وجہ سے رونالڈو پر تنقید مزید بڑھ گئی۔

فرانس کے سابق اسٹار فٹ بالر تھیئری ہنری نے بھی رونالڈو پر خود غرض ہونے کا الزام لگاتے ہوئے کہا کہ ٹیم کو گول کی ضرورت ہے، صرف آپ کو نہیں۔

کانگو کے مڈفیلڈر نگالایل مکاؤ سے جب پوچھا گیا کہ کیا ان کے پاس رونالڈو کو روکنے کا کوئی پلان تھا، تو انہوں نے کہا کہ رونالڈو اب پہلے جیسے کھلاڑی نہیں رہے اور بڑھتی عمر کی وجہ سے وہ اب اتنی محنت نہیں کر سکتے۔

پرتگال کے کوچ رابرٹو مارٹنیز کو بھی مبصرین کی جانب سے سخت تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ سابق کھلاڑی کرس سٹن نے کہا کہ کوچ رونالڈو کو میچ کے دوران باہر بلانے سے ڈرتے ہیں، انہوں نے ایک مڈفیلڈر کو تو باہر نکال دیا لیکن رونالڈو کو کھیلائے رکھا جو کہ شرمناک ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ کوچ کے پاس گونسالو راموس جیسے اچھے فارورڈ کھلاڑی متبادل کے طور پر موجود ہیں لیکن پھر بھی وہ رونالڈو کو میدان سے نہیں ہٹاتے۔

پرتگال کی ٹیم منگل (کل) کے روز ہیوسٹن میں ازبکستان کے خلاف اپنا دوسرا میچ کھیلے گی اور کانسیساؤ کا کہنا ہے کہ کھلاڑی اپنی غلطیوں کو سدھار کر اگلا میچ جیتنے کے لیے پرامید ہیں۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔