پیر، 22-جون،2026
پیر 1448/01/07هـ (22-06-2026م)

فیفا ورلڈ کپ : ایران نے اسٹار کھلاڑیوں سے لیس بیلجئیم کو برابری پر روک دیا

22 جون, 2026 13:30

ایران نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے اسٹار کھلاڑیوں سے لیس بیلجئیم کی ٹیم کو بغیر کسی گول کے برابری پر روک دیا۔

لاس اینجلس میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے گروپ جی کے ایک اہم میچ میں بیلجئیم اور ایران کا مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہا۔

بیلجئیم کی ٹیم میں کیون ڈی بروئن اور رومیللو لوکاکو جیسے بڑے اور تجربے کار کھلاڑی شامل تھے لیکن وہ ایران کے مضبوط دفاع کو توڑنے میں ناکام رہے۔

بیلجئیم کو اس وقت بڑا جھٹکا لگا، جب ان کے ڈیفنڈر ناتھن نگائے کو میچ کے دوسرے ہاف میں ریڈ کارڈ دکھا کر میدان سے باہر نکال دیا گیا۔ ناتھن نے ایران کے فارورڈ مہدی طارمی کو غلط طریقے سے گرایا تھا، جس پر امپائر نے انہیں سزا دی۔

میچ کے پہلے ہاف میں ایران کی ٹیم نے بہترین کھیل پیش کیا اور ایک فری کک پر مہدی طارمی نے گول بھی کر دیا تھا لیکن ویڈیو اسسٹنٹ ریفری یعنی وی اے آر نے اسے آف سائیڈ قرار دے کر مسترد کر دیا۔

یہ بھی پڑھیں : اسرائیل کس طرح امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والے امن معاہدے کو ناکام بنا سکتا ہے؟

بیلجئیم کی ٹیم نے گیند اپنے پاس زیادہ دیر رکھنے میں کامیابی حاصل کی لیکن وہ ایران کے گول پر کوئی بڑا حملہ نہ کر سکے۔

ایران کے کھلاڑی حسین کنعانی نے بھی گول کرنے کی کوشش کی، جسے بیلجئیم کے گول کیپر تھیبو کورٹوا نے خوبصورتی سے روک دیا۔

بیلجئیم کے کوچ روڈی گارسیا نے میچ کے 60 ویں منٹ میں 3 تبدیلیاں کیں، جس کے بعد میکسم ڈی کایپر کو گول کرنے کا موقع ملا، لیکن ایرانی گول کیپر نے شاندار بچاؤ کیا۔

اس ڈرا کے بعد گروپ جی کے اب تک کے تمام 3 میچ برابر ہو چکے ہیں۔ بیلجئیم کے پاس اب 2 پوائنٹس ہیں اور اس کا اگلا میچ نیوزی لینڈ سے ہوگا، جبکہ ایران کا سامنا جمعے کو مصر سے ہوگا۔

ایرانی ٹیم کو ویزا مسائل کی وجہ سے میکسیکو سے امریکہ سفر کرنے میں مشکلات کا سامنا رہا ہے لیکن اب ان کی سفری پابندیاں کم ہو رہی ہیں اور ان کا اگلا میچ سیئٹل میں ہوگا۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔