بدھ، 1-جولائی،2026
بدھ 1448/01/16هـ (01-07-2026م)

امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات نہیں ہورہے، صرف تکنیکی ملاقاتیں جاری ہیں، قطری وزارت خارجہ

01 جولائی, 2026 10:12

قطری وزارت خارجہ کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ امریکہ اور ایران کے درمیان براہِ راست اعلیٰ سطح کے مذاکرات نہیں ہو رہے، تاہم دونوں وفود کے مابین تکنیکی ملاقاتیں جاری ہیں۔

قطر کے وزیر اعظم کے مشیر اور وزارت خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر ماجد محمد الانصاری نے ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران بتایا کہ امریکی مندوبین اسٹیو وٹکوف اور جیرڈ کوشنر کا دورہ دوحہ خطے کی صورتحال، ایران اور لبنان کے معاملات پر قطری ثالثوں سے بات چیت کا حصہ ہے۔

انہوں نے بلکل واضح کیا کہ اس وقت امریکی اور ایرانی فریقین کے مابین براہِ راست کسی اعلیٰ سطح کے مذاکرات کا دور نہیں چل رہا، بلکہ لوزان مذاکرات کے بعد سے دونوں کے ماہرین پر مشتمل تکنیکی وفود بالواسطہ اور بلاواسطہ ملاقاتیں کر رہے ہیں تاکہ طے شدہ میکانزم کو برقرار رکھا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں : قطر کا امریکہ اور ایران کے درمیان مذاکرات کی حمایت اور ثالثی جاری رکھنے کا اعلان

آبنائے ہرمز کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ قطر اس عالمی آبی گزرگاہ میں جہاز رانی کی آزادی کا مکمل احترام کرتا ہے اور یکطرفہ طور پر اس کی حیثیت تبدیل کرنے کا کوئی بھی اقدام قابلِ قبول نہیں ہے۔

انہوں نے عمان کے ساتھ روزانہ کی بنیاد پر رابطوں کی تصدیق کی تاکہ بحری جہازوں کا محفوظ گزرنا یقینی بنایا جا سکے۔

ایرانی فنڈز کے معاملے پر انہوں نے واضح کیا کہ 2023 کے معاہدے کے تحت یہ رقم قطر میں انسانی ہمدردی کے کھاتوں میں موجود ہے اور قطر صرف ایک مالیاتی ثالث ہے، اس رقم کی منتقلی دونوں فریقین کی رضامندی اور مذاکرات میں پیش رفت پر منحصر ہے جو ابھی تک نہیں ہوئی۔

انہوں نے آبنائے ہرمز سے بارودی سرنگیں ہٹانے کے پیچیدہ عمل کا بھی ذکر کیا اور کہا کہ اس کا فیصلہ خطے کے ممالک ہی کریں گے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔