صدارتی عہدہ اور ذاتی کاروبار، ٹرمپ کی آمدنی میں ریکارڈ توڑ اضافہ

ڈونلڈ ٹرمپ کی حالیہ مالیاتی دستاویزات سے یہ حیران کن انکشافات ہوئے ہیں کہ ان کا فلوریڈا کا ریزورٹ ‘مار اے لاگو’ اب سیاسی رسائی اور اربوں ڈالر کے نجی تجارتی منافع کا سب سے بڑا مرکز بن چکا ہے۔
سی این این کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی مالیاتی دستاویزات کے گہرے مطالعے سے یہ انکشاف ہوا ہے کہ فلوریڈا میں واقع ان کا پرتعیش نجی کلب ‘مار اے لاگو’ اب عالمی سیاست اور کاروبار کے ملاپ کا ایک ایسا مرکز بن چکا ہے، جہاں اقتدار اور تجارتی مفادات کے درمیان لکیر مکمل طور پر مٹ چکی ہے۔
یہ حقائق ظاہر کرتے ہیں کہ صدارت کا عہدہ ٹرمپ کی مالیاتی سلطنت کو وسعت دینے کا ایک بڑا ذریعہ ثابت ہوا ہے۔
پہلا بڑا انکشاف کرپٹو کرنسی کا غلبہ ہے، جہاں ٹرمپ نے اپنے روایتی گالف کورسز اور ہوٹلوں کے مقابلے کرپٹو منصوبوں جیسے ‘ورلڈ لبرٹی فائنینشل’ اور اپنے نام کے میم کوائن سے 1.4 بلین ڈالر کی خطیر آمدنی حاصل کی، جو ان کے گالف کلبوں کے منافع سے 3 گنا زیادہ ہے۔
اپریل 2026 میں انہوں نے مار اے لاگو میں میم کوائن کے بڑے خریداروں کے لیے ایک تقریب بھی منعقد کی۔
یہ بھی پڑھیں : صدر ٹرمپ کا کانگریس سے پیدائشی شہریت فوری طور پر ختم کرنے کا مطالبہ
دوسرا انکشاف اس کلب کی رکنیت کی فیس ہے، جو انتخابات سے پہلے ایک لاکھ ڈالر تھی اور اب بڑھا کر ایک ملین ڈالر کر دی گئی ہے، تاکہ لوگ صدر تک براہ راست رسائی حاصل کر سکیں۔
تیسرا انکشاف یہ ہے کہ مار اے لاگو اب ایک ‘شیڈو وائٹ ہاؤس’ بن چکا ہے، جہاں اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو اور یوکرینی صدر ولادیمیر زیلنسکی جیسی شخصیات اور ایلون مسک سمیت بڑے کارپوریٹ ادارے اپنی حاضری یقینی بناتے ہیں۔ ریپبلکن نیشنل کمیٹی نے بھی یہاں 2025 اور 2026 کے دوران ایک ملین ڈالر سے زائد رقم خرچ کی۔
چوتھا انکشاف عالمی برانڈنگ کے لائسنسنگ معاہدے ہیں، جس کے تحت ویتنام اور بھارت جیسے ممالک سے ٹرمپ کو 60 ملین ڈالر حاصل ہوئے، جو مفادات کے سنگین ٹکراؤ کو ظاہر کرتے ہیں۔
پانچواں انکشاف اقتدار میں واپسی کے ساتھ منافع کا عروج ہے، جہاں کورونا دور کے مقابلے میں 2025 میں مار اے لاگو کی آمدنی بڑھ کر 77.5 ملین ڈالر اور ڈورل ریزورٹ کی آمدنی 122 ملین ڈالر کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
یہ تمام حقائق ثابت کرتے ہیں کہ ٹرمپ کی جائیدادوں کا یہ ریکارڈ منافع مارکیٹ کی وجہ سے نہیں بلکہ سیاسی قربت کا نتیجہ ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












