امریکی شہریوں کی اکثریت کا ٹرمپ کی پالیسی پر عدم اعتماد، ایران جنگ کی شدید مخالفت

امریکی ٹی وی کے حالیہ سروے کے مطابق امریکی عوام کی اکثریت نے ایران کے ساتھ جاری تنازع کے حوالے سے عدم تحفظ، تشویش اور مایوسی کا اظہار کیا ہے۔ سروے کے اعداد و شمار ظاہر کرتے ہیں کہ اکثر امریکی اس جنگ کی طوالت اور ٹرمپ انتظامیہ کی حکمت عملی سے غیر مطمئن ہیں۔
امریکی نشریاتی ادارے سی بی ایس نیوز کے حالیہ سروے کے مطابق 58 فیصد امریکی شہریوں نے ایران کے ساتھ ملکی تنازع پر غیر یقینی اور 57 فیصد نے شدید مایوسی کا اظہار کیا ہے۔
سروے میں شامل 76 فیصد لوگوں کا ماننا ہے کہ ایران کے ساتھ فوجی کشمکش ٹرمپ انتظامیہ کی توقعات سے کہیں زیادہ مشکل ثابت ہو رہی ہے۔
آبنائے ہرمز میں جاری روزمرہ کی صورتحال کے بارے میں 69 فیصد عوام کا کہنا ہے کہ انہیں واضح اور درست معلومات حاصل نہیں ہو پا رہیں، جبکہ 60 فیصد کا خیال ہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ حالات کو اصل صورتحال سے بہتر بنا کر پیش کرتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : گزشتہ 50 سال سے تمام اسرائیلی حکومتیں امریکہ اور ایران کے درمیان جنگ کی کوشش کرتی رہیں، جواد ظریف
عوامی رائے کے مطابق 86 فیصد امریکی چاہتے ہیں کہ حکومت آبنائے ہرمز کو بحری آمدورفت کے لیے کھلوائے تاکہ ملک میں پیٹرول کی بڑھتی قیمتوں کو قابو کیا جا سکے۔
76 فیصد عوام ایران کے ایٹمی پروگرام کو مکمل طور پر روکنے کے حامی ہیں۔ تنازع کے خاتمے کے حوالے سے 67 فیصد عوام اب بھی جنگ فوری ختم کرنے کے حق میں ہیں، تاہم جون کے مقابلے میں اس تناسب میں کمی آئی ہے کیونکہ جون میں یہ شرح 78 فیصد تھی۔
سیاسی طور پر 92 فیصد ڈیموکریٹس جنگ کا فوری خاتمہ چاہتے ہیں جبکہ 70 فیصد ریپبلکنز ایران سے مزید مراعات حاصل کرنے تک جنگ جاری رکھنے کے حامی ہیں۔
امریکی ملٹری کارروائی کو مجموعی طور پر 61 فیصد عوام ناپسند کر رہے ہیں جبکہ صرف 39 فیصد اس کی حمایت کرتے ہیں۔ صدر ٹرمپ کی ایران کے معاملے پر کارکردگی کو 65 فیصد امریکیوں نے رد کر دیا ہے۔
معاشی محاذ پر 75 فیصد شہریوں کا کہنا ہے کہ ان کی آمدنی مہنگائی کا مقابلہ کرنے میں ناکافی ہے اور 78 فیصد کا ماننا ہے کہ ٹرمپ انتظامیہ اشیاء کی قیمتیں کم کرنے پر توجہ نہیں دے رہی۔ 50 فیصد امریکی پیٹرول کی بلند قیمتوں کو شدید مالی مشکلات کا سبب قرار دے رہے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












