ناکہ بندی کے ذریعے مجبور نہیں کیا جا سکتا، آبنائے ہرمز پر صرف ایران کا کنٹرول ہوگا، کاظم غریب آبادی

ایرانی نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی کا کہنا ہے کہ گزشتہ 15 دنوں کے دوران ایران نے نہیں بلکہ امریکا نے خود عمان کے ذریعے بات چیت کی درخواست کی تھی۔
ایران کے نائب وزیر خارجہ کاظم غریب آبادی نے اپنے ایک انٹرویو میں واضح کیا ہے کہ تہران نے واشنگٹن سے مذاکرات کی کوئی درخواست نہیں کی، بلکہ امریکا نے عمان کے ذریعے خود پیغام بھیجا ہے کہ وہ اسلامی جمہوریہ کے خلاف کسی قسم کی فوجی کارروائی نہیں کرے گا۔
انہوں نے خبردار کیا کہ آبنائے ہرمز کے قریب آنے والا کوئی بھی یورپی جنگی جہاز ایران کا جائز ہدف سمجھا جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : امریکا اور ایران مفاہمتی یادداشت کی بحالی کے قریب پہنچ گئے، امریکی ذرائع
آبنائے ہرمز کے راستوں سے متعلق گفتگو کرتے ہوئے غریب آبادی نے کہا کہ عمان کی جانب سے مشترکہ کنٹرول کی تجویز دی گئی تھی، جسے ایران نے اپنی سلامتی کی خدشات کے پیش نظر مسترد کر دیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ایران کا مؤقف ہے کہ اس کا ایک مکمل راستہ ایرانی کنٹرول میں دیا جائے جبکہ دوسرے راستے پر بھی ایران کا جزوی کنٹرول ہونا چاہیے۔
انہوں نے مزید کہا کہ عمان سے بات چیت صرف ہرمز کے معاملے پر ہے اور ایران کسی دیگر ثالث سے مذاکرات نہیں کر رہا۔
غریب آبادی نے زور دے کر کہا کہ بحری ناکہ بندی کے ذریعے ایران کو مذاکرات پر مجبور نہیں کیا جا سکتا۔ اگر عمان نے ہماری سیکیورٹی تجاویز قبول نہ کیں تو آبنائے ہرمز کی بندش برقرار رہے گی اور ایران جنگ دوبارہ شروع کرنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ جب بھی امریکا جنگ میں داخل ہوا ہے، اسے شدید نقصان اٹھا کر پیچھے ہٹنا پڑا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











