جمعرات، 20-اگست،2026
جمعرات 1448/03/07هـ (20-08-2026م)

خیر النساء بلوچ بلوچستان کی پہلی خاتون کرکٹ کوچ بن گئیں

20 اگست, 2026 14:20

بلوچستان سے تعلق رکھنے والی خیر النساء صوبے کی پہلی خاتون کرکٹ کوچ بن گئی ہیں، جو ثقافتی رکاوٹوں کو توڑ کر بچیوں کو کھیل کے میدان میں آگے لانے کے لیے فعال کردار ادا کر رہی ہیں۔

بلوچستان میں روایتی اور ثقافتی رکاوٹوں کو توڑتے ہوئے خیر النساء نے صوبے کی پہلی خاتون کرکٹ کوچ بننے کا اعزاز حاصل کر لیا ہے۔

وہ بلوچستان کی بیٹیوں کے لیے امید کی ایک نئی کرن بن کر ابھری ہیں اور صوبے میں خواتین کی کرکٹ کو فروغ دینے کے لیے دن رات مصروف عمل ہیں۔ ان کی بطور کوچ موجودگی سے بلوچستان کی نوجوان کھلاڑیوں کے اعتماد اور حوصلے میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے۔

خاتون کرکٹ کوچ خیر النساء بلوچ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کی پہلی خاتون کرکٹ کوچ بننا ان کے لیے ایک بہت بڑا اعزاز اور باعث فخر ہے۔

یہ بھی پڑھیں : بلوچستان میں سیکورٹی فورسز کا آپریشن، زیارت، ہرنائی اور سوراب میں 9 سے زائد دہشت گرد ہلاک

انہوں نے پاک فوج کی جانب سے خواتین کو کھیلوں کے میدان میں آنے کے لیے فراہم کیے جانے والے مواقع اور حوصلہ افزائی کی شدید تعریف کی۔ ان کا کہنا تھا کہ ان کا اصل مقصد بلوچستان کی باصلاحیت بیٹیوں کو قومی اور عالمی سطح کی کرکٹ تک پہنچانا ہے۔

خیر النساء بلوچ کا مزید کہنا تھا کہ بلوچستان کی بیٹیوں میں صلاحیتوں کی کوئی کمی نہیں ہے اور انہیں صرف مناسب مواقع کی ضرورت ہے۔ اگر ان کی تربیت سے اکیڈمی کی کوئی بھی کھلاڑی قومی سطح پر پاکستان کی نمائندگی کرنے میں کامیاب ہو جاتی ہے تو یہ ان کی زندگی کی سب سے بڑی کامیابی ہوگی۔

اکیڈمی میں زیر تربیت کھلاڑیوں نے اپنی کوچ کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ خیر النساء انتہائی بہترین انداز میں ان کی تربیت کرتی ہیں اور ہر کھلاڑی کی انفرادی صلاحیتوں پر خاص توجہ دیتی ہیں۔

کھلاڑیوں کے مطابق خیر النساء کی نگرانی میں انہیں اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے اور بہترین کھیل پیش کرنے کے زبردست مواقع میسر آ رہے ہیں۔ خیر النساء کی اس محنت نے ثابت کر دیا ہے کہ سچے عزم اور مسلسل کوشش سے ہر مقصد حاصل کیا جا سکتا ہے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔