دھمکیوں سے مسئلے حل نہیں ہوں گے، امریکا اسلام آباد یادداشت کی پاسداری میں ناکام رہا، ایرانی قیادت کی فیلڈ مارشل سے گفتگو

فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے تہران میں ایرانی قیادت سے ملاقاتیں کیں، جن میں اسلام آباد یادداشت اور واشنگٹن کی جانب سے اس کی خلاف ورزی کا معاملہ سر فہرست رہا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف، سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی اور صدر مسعود پزشکیان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں۔
ایرانی پارلیمنٹ کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے فیلڈ مارشل عاصم منیر سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یادداشت کے تحت فریقین کی ذمہ داریاں واضح ہیں اور امریکا کو اپنے وعدے پورے کرنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ واشنگٹن کی جانب سے معاہدے پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے خطے میں استحکام قائم نہیں ہو سکا اور بے اعتمادی میں اضافہ ہوا ہے۔
ایرانی سرکاری ٹیلی ویژن کے مطابق قالیباف نے متعدد ایسی مثالیں دیں، جن سے ثابت ہوتا ہے کہ واشنگٹن معاہدے کے تحت اپنی ذمہ داریاں پوری کرنے میں ناکام رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ تہران معاہدے کی شقوں پر عملدرآمد کے لیے جدوجہد کر رہا ہے اور امریکا کو بھی معاہدے کے تحت اپنے وعدے پورے کرنے ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں : جنگ ہم نے شروع نہیں کی لیکن ختم جارح کے رحم و کرم پر نہیں ہوگی، ایرانی ترجمان
سپریم نیشنل سیکیورٹی کونسل کے سیکریٹری محسن رضائی نے آبنائے ہرمز کی سیکیورٹی کی دیکھ بھال کے لیے ایران کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ ایران کو امریکا پر بھروسہ نہیں ہے۔
انہوں نے واشنگٹن سے مطالبہ کیا کہ وہ اپنے رویے اور پالیسیوں میں تبدیلی لائے اور صرف دعوے کرنے کے بجائے یادداشت پر عملدرآمد کے لیے عملی اقدامات کرے۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے اس موقع پر یادداشت پر دستخط کرانے میں پاکستان کے کردار کو اجاگر کیا اور ایران و پاکستان کے درمیان دیرینہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔
فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ایرانی صدر مسعود پزشکیان سے اعلیٰ سطح کی ملاقات کی، جس میں ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ایرانی وزیر داخلہ بھی موجود تھے۔
ملاقات کے دوران دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات، علاقائی سیکیورٹی اور خطے میں امن قائم کرنے کی سفارتی کوششوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ایرانی صدر مسعود پزشکیان نے گفتگو کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ امریکا کو اسلام آباد معاہدے پر مکمل عملدرآمد کرنا ہوگا اور واشنگٹن کو ایران کے حوالے سے اپنے روایتی رویے میں تبدیلی لانی ہوگی۔
صدر پزشکیان کا کہنا تھا کہ طاقت اور دھمکیوں پر انحصار کرنے سے عملدرآمد کا عمل مزید پیچیدہ ہوگا، جبکہ ایرانی عوام قومی یکجہتی کے ذریعے کسی بھی دباؤ یا دھمکی کا مقابلہ کریں گے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










