سوڈانی آر ایس ایف کے سینئر رہنماؤں کے اسرائیل کے خفیہ دوروں کا انکشاف

سوڈان کی ریپڈ سپورٹ فورسز کے سینئر رہنماؤں کی جانب سے جنگ کے دوران اسرائیل کے خفیہ دوروں کا انکشاف ہوا ہے، جس سے خطے کی صورتحال اور سیکیورٹی تعلقات کے حوالے سے نئے سوالات کھڑے ہو گئے ہیں۔
سوڈان میں جاری خانہ جنگی کے دوران مسلح فورسز کے خلاف برسرِ پیکار ریپڈ سپورٹ فورسز (آر ایس ایف) کے اعلیٰ قیادت کے اسرائیل کے خفیہ دوروں کا انکشاف ہوا ہے۔
اسرائیلی نشریاتی ادارے آئی 24 نیوز کی رپورٹ کے مطابق آر ایس ایف کے ڈپٹی کمانڈر عبد الرحیم حمدان دقلو نے عالمی پابندیوں کی زد میں ہونے کے باوجود مقبوضہ فلسطینی علاقوں کے متعدد دورے کیے۔ عبد الرحیم دقلو آر ایس ایف کے سربراہ محمد حمدان دقلو المعروف حمیدتی کے بھائی ہیں۔
رپورٹ کے مطابق ان دوروں کے مقاصد اور اس دوران ہونے والی ملاقاتوں کی نوعیت کے حوالے سے سنگین سوالات جنم لے رہے ہیں کہ آیا یہ بات چیت سیاسی، سیکیورٹی یا سفارتی نوعیت کی تھی۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ اور اسرائیل صرف ایران نہیں، بلکہ تمام مسلمانوں کے کھلے دشمن ہیں، مجتبیٰ خامنہ ای کا اتحادِ امت پر زور
تا حال نہ تو ان دوروں کی سرکاری طور پر وضاحت سامنے آئی ہے اور نہ ہی اسرائیل نے ان ملاقاتوں کی باضابطہ تصدیق کی ہے۔
افریقہ انٹیلی جنس کی تحقیقات کے مطابق آر ایس ایف کی قیادت اور تل ابیب کے درمیان سیکیورٹی اور انٹیلی جنس تعلقات اپریل 2023 میں جنگ شروع ہونے سے بھی پہلے کے ہیں اور یہ رابطہ بحران کے بعد بھی قائم رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق آر ایس ایف کے 2 وفود نے مئی 2025 اور فروری 2026 میں تل ابیب کے خفیہ دورے کیے۔ ان وفود میں عبد الرحیم دقلو کے علاوہ حمیدتی کے دوسرے بھائی اور آر ایس ایف کے ڈائریکٹر خریداری القونی حمدان دقلو بھی شامل تھے۔ ان دوروں میں اسرائیلی وزارتِ خارجہ کے شعبہ افریقہ اور انٹیلی جنس حکام سے ملاقاتیں کی گئیں۔
یاد رہے کہ اس سے قبل 2022 میں بھی آر ایس ایف کو اسرائیلی ٹیکنالوجی اور جدید جاسوسی آلات کی فراہمی کے ثبوت سامنے آ چکے ہیں۔
واضح رہے کہ امریکی انتظامیہ نے ستمبر 2023 میں عبد الرحیم دقلو پر دارفور میں قتلِ عام، نسلی کشی اور دیگر مظالم میں ملوث ہونے کی بناء پر پابندیاں عائد کی تھیں، جبکہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل نے 24 فروری 2026 کو ان پر پابندیاں عائد کیں۔
اقوامِ متحدہ اور عالمی اداروں کی تحقیقات کے مطابق آر ایس ایف فورسز الفاشر اور دیگر علاقوں میں 6000 سے زائد شہریوں کی ہلاکتوں، نسلی پاکسازی اور شدید مظالم میں براہِ راست ملوث رہی ہیں، جسے عالمی سطح پر نسل کشی سے تعبیر کیا گیا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












