پیر، 31-اگست،2026
پیر 1448/03/18هـ (31-08-2026م)

افغانستان کے 10 صوبوں میں طالبان کے خلاف مزاحمتی حملوں میں شدت، اب تک 27 اہلکار ہلاک

31 اگست, 2026 10:58

افغانستان میں طالبان حکومت کے خلاف مختلف افغان مزاحمتی گروہوں کے گوریلا حملوں میں تیز رفتار اضافہ دیکھا جا رہا ہے، جس کے نتیجے میں گزشتہ چند دنوں میں 27 طالبان اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہو گئے۔

افغانستان میں طالبان حکومت کے خلاف متحرک مزاحمتی گروہوں کی کارروائیوں میں اچانک شدید تیزی آ گئی ہے۔ گزشتہ چند دنوں کے دوران ملک کے مختلف صوبوں جن میں کابل، کنڑ، بدخشاں، قندھار، فاریاب، غور، ننگرہار، غزنی، لغمان اور ہرات شامل ہیں، میں طالبان کی عسکری تنصیبات، سیکیورٹی چوکیوں اور اہلکاروں کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ان کارروائیوں میں افغان فریڈم فرنٹ (اے ایف ایف)، افغان یونائیٹڈ فرنٹ (اے یو ایف)، نیشنل ریزسٹنس فرنٹ (این آر ایف) اور افغان گرین ٹرینڈ سمیت دیگر مزاحمتی تنظیموں نے حصہ لیا۔

ان تمام حملوں میں مجموعی طور پر طالبان کے 27 اہلکار ہلاک اور 4 زخمی ہو چکے ہیں، جبکہ مزاحمتی کارروائیوں کا دائرہ کار ملک کے 10 اضلاع اور صوبوں تک پھیل چکا ہے۔

افغان فریڈم فرنٹ کے مطابق 28 اگست کو غزنی میں ان کی پہلی گوریلا کارروائی منظرِ عام پر آئی، جس میں طالبان کی یونٹ 06 کا نائب کمانڈر ملا عمر صدیق ہلاک ہو گیا اور اس کا اسلحہ بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں : طالبان رجیم میں افغان معیشت کی تباہی، عام شہری شدید معاشی بحران کا شکار

28 اگست کو ہی بدخشاں کے ضلع زیبک میں شدید جھڑپوں کے بعد اے ایف ایف کے کمانڈوز نے کابل سے بھیجی گئی طالبان کی تازہ نفری کو بھاری جانی و مادی نقصان پہنچا کر پسپا ہونے پر مجبور کر دیا۔

دوسری جانب افغان گرین ٹرینڈ نے دعویٰ کیا ہے کہ 28 اگست کو لغمان میں طالبان کی وزارتِ دفاع کی رینجر یونٹ پر حملہ کر کے 9 اہلکاروں کو ہلاک کر دیا گیا، جس کی تصدیق طالبان پولیس کی خفیہ دستاویزات سے ہوئی ہے۔ اسی روز ہرات میں این آر ایف نے طالبان کی الفاروق کور کو نشانہ بنایا، جس میں ان کا انٹیلی جنس کمانڈر زخمی ہوا۔

اس کے علاوہ افغان یونائیٹڈ فرنٹ نے بھی متعدد صوبوں میں کارروائیاں کی ہیں۔ اے یو ایف کے مطابق 26 اگست کو قندھار کی چیک پوسٹ پر حملے میں 3 طالبان ہلاک اور ایم 16 رائفلیں قبضے میں لی گئیں، جبکہ 28 اگست کو فاریاب و غور شاہراہ پر حملہ کر کے 2 طالبان کو ہلاک اور 3 کو زخمی کیا گیا۔

29 اگست کو جلال آباد میں طالبان انٹیلی جنس کے ایک اہلکار کو ہلاک کیا گیا، اور 30 اگست کو کنڑ کے دارالحکومت اسعد آباد میں پولیس ڈسٹرکٹ پر حملہ کر کے 2 اہلکار مارے گئے۔

ہلمند میں اے یو ایف نے دو مختلف مقامات پر کارروائی کرتے ہوئے 9 طالبان کو ہلاک کیا، جن میں نوزاد کی چوکی سے آر پی جی اور گرینیڈ لانچر سمیت بھاری اسلحہ برآمد کیا گیا۔ ان بڑھتے ہوئے حملوں نے طالبان کی سیکیورٹی صورتحال پر سنگین سوالات کھڑے کر دیئے ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔