جمعرات، 3-ستمبر،2026
بدھ 1448/03/20هـ (02-09-2026م)

ایران کا اردن، بحرین اور عراق میں امریکی اڈوں پر جوابی حملہ، درجنوں امریکی اہلکار ہلاک کرنے کا دعویٰ

02 ستمبر, 2026 09:25

ایران کی مسلح افواج اور پاسداران انقلاب نے خطے میں موجود امریکی فوجی اڈوں، ایئر بیسز اور اثاثوں کے خلاف بڑے پیمانے پر ڈرون اور بیلسٹک میزائلوں سے جوابی کارروائیاں شروع کردیں۔

ایران کی پاسداران انقلاب اور ایرانی فوج نے امریکہ کی جانب سے کی جانے والی حالیہ جارحیت کے جواب میں مشرق وسطیٰ بھر میں قائم امریکی عسکری اڈوں اور اثاثوں پر بڑے پیمانے پر مشترکہ جوابی آپریشنز کا آغاز کر دیا۔

ان آپریشنز میں بیلسٹک میزائلوں اور بارود سے لدے ڈرونز کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا جا رہا ہے۔ ایرانی حکام کا کہنا ہے کہ یہ قدم اپنے شہریوں کی شہادت اور ملک پر حملوں کا بدلہ لینے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

پاسداران انقلاب کے فضائی شعبے نے دعویٰ کیا ہے کہ انہوں نے ایک جدید ایرانی ایئر ڈیفنس سسٹم کے ذریعے امریکی فوج کے جدید ترین ایم کیو-9 ریپر ڈرون کو کامیابی سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا ہے، جو امریکی ڈرون فلیٹ کے لیے ایک بڑا سیٹ بیک ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران میں شادی کی تقریب پر امریکی میزائل حملہ، بچی سمیت 5 شہری شہید

اس کے علاوہ پاسداران انقلاب نے اردن میں خلیج عقبہ کے ساحل پر واقع امریکی میرین کور کی اہم بیرکوں کیمپ ٹائٹن پر بیلسٹک میزائل داغے ہیں۔

ایرانی میڈیا کے مطابق اس حملے میں بڑی تعداد میں امریکی فوجی ہلاک و زخمی ہوئے ہیں اور کئی جنگی ہیلی کاپٹرز اور تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ اردن ہی میں واقع پرنس حسن ایئر بیس پر بھی حملے کا دعویٰ کیا گیا ہے، جہاں امریکی ڈرونز کے ہینگرز کو تباہ کیا گیا ہے۔

دوسری جانب ایرانی بحریہ اور بری فوج نے بحرین میں واقع شیخ عیسیٰ ایئر بیس اور عراق کے علاقے اربیل میں امریکی مراکز پر ڈرون اور میزائل حملے کیے ہیں۔

بحرین میں امریکی رڈار سسٹمز اور فوجیوں کے اجتماعات کو نشانہ بنایا گیا، جبکہ اربیل میں دیکھ بھال کے مراکز، تکنیکی گوداموں اور ایندھن کے ٹینکرز میں آگ لگنے کی اطلاعات ہیں۔

ایرانی جوابی کارروائی کے بعد بحرین، کویت اور اردن میں ایئر ڈیفنس سسٹمز کو فعال کر دیا گیا ہے جبکہ اسرائیل کے شمالی علاقوں میں بھی ممکنہ فضائی خطرے کے پیش نظر سائرن بج اٹھے ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔