امریکی ایوانِ نمائندگان میں اسرائیل کا بائیکاٹ کرنے والی یونیورسٹیوں کی فنڈنگ روکنے کا بل منظور

امریکی ایوانِ نمائندگان نے ایک متنازع قانون پاس کیا ہے، جس کے تحت اسرائیل کے معاشی و تعلیمی بائیکاٹ میں حصہ لینے والی امریکی یونیورسٹیوں کی وفاقی امداد اور فنڈنگ مکمل طور پر بند کر دی جائے گی۔
امریکی ایوانِ نمائندگان نے متنازع قانون منظور کیا ہے، جس کا مقصد امریکی تعلیمی اداروں اور یونیورسٹیوں میں فلسطین کے ساتھ جاری یکجہتی کی تحریک کو کچلنا اور اسرائیل کا بائیکاٹ کرنے والے اداروں پر معاشی پابندیاں عائد کرنا ہے۔
پروٹیکٹ ایکنامک اینڈ اکیڈمک فریڈم ایکٹ نامی یہ بل 169 کے مقابلے میں 237 ووٹوں سے پاس ہوا۔ اس ترمیم کی حمایت میں 33 ڈیموکریٹس نے بھی اپنی پارٹی پالیسی سے ہٹ کر ریپبلکنز کا ساتھ دیا، جبکہ صرف 2 ریپبلکنز نے اس کی مخالفت کی۔ ایوانِ نمائندگان سے منظوری کے بعد اب یہ بل حتمی منظوری کے لیے امریکی سینیٹ میں پیش کیا جائے گا۔
اس نئے قانون کے تحت وہ تمام امریکی کالج اور یونیورسٹیاں جو وفاقی طالب علم امدادی پروگراموں سے مالی وسائل حاصل کرتی ہیں، ان پر اسرائیل کے کسی بھی قسم کے تجارتی یا تعلیمی بائیکاٹ میں حصہ لینے پر مکمل پابندی ہو گی۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل پر تنقید کرنے والوں کو امریکہ کا ویزا نہیں دیا جائے گا، مارکو روبیو
اس کے علاوہ غیر ملکی زبانوں اور عالمی تعلیم کے لیے مالی امداد حاصل کرنے والے اداروں کو یہ تصدیق کرنا ہو گی کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں تعلیمی پروگراموں پر کوئی بھی پابندی عائد نہیں کر رہے اور نہ ہی اسرائیلی اساتذہ یا طلبہ کو اپنے کیمپس میں آنے سے روک رہے ہیں۔ اس بل کو ریپبلکن نمائندے ورجینیا فاکس اور ڈیموکریٹ جوش گوٹ ہائمر نے پیش کیا تھا۔
قانون کے مخالفین نے اسے امریکی آئین میں دیئے گئے اظہارِ رائے کی آزادی کے حق پر براہِ راست حملہ قرار دیا ہے۔ ڈیموکریٹ رکن بابرائٹ اسکاٹ نے نشاندہی کی کہ کسی بھی امریکی یونیورسٹی نے بائیکاٹ تحریک کو نہیں اپنایا، بلکہ طلبہ اور اساتذہ اپنے طور پر احتجاج کر رہے ہیں، جن کی آراء کی سزا پورے تعلیمی ادارے کو نہیں دی جا سکتی۔
اسی طرح لبرل یہودی تنظیم جے اسٹریٹ نے بھی اس بل کی مخالفت کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ یہ اقدام یہودی طلبہ کو محفوظ بنانے کے بجائے اینٹی سیمیٹزم یعنی یہود دشمنی کے جذبات کو مزید ہوا دے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.








