شمالی کوریا کا نئے قسم کے ہتھیار کا کامیاب تجربہ کرنے کا دعویٰ، جاپان اور جنوبی کوریا کی مذمت

سرکاری میڈیا کا کہنا ہے کہ کم جونگ ان کی زیر نگرانی ایک نئے عسکری ہتھیار کا کامیاب تجربہ کیا گیا ہے، جس پر جنوبی کوریا اور جاپان نے سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔
شمالی کوریا کے سرکاری میڈیا کے مطابق ملک کے سربراہ کم جونگ ان نے اتوار کے روز ایک نئے قسم کے ہتھیار کے نظام کی جانچ پڑتال کے لیے خود ٹیسٹ کی نگرانی کی، جسے ملک کی بڑھتی ہوئی عسکری صلاحیتوں کا ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔
یہ تجربہ اس واقعے کے دو دن بعد سامنے آیا، جب جنوبی کوریا اور جاپان نے اطلاع دی تھی کہ پیانگ یانگ نے اپنی مشرقی سمندری حدود میں دو کم فاصلے تک مار کرنے والے بیلاسٹک میزائل داغے ہیں، جنہیں انہوں نے علاقائی امن کے لیے خطرہ قرار دیا۔
یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ میں ایران کے خلاف مظالم اور دشمنوں کی سازشیں بے نقاب کریں گے، ایرانی صدر
شمالی کوریا کے میزائل بیورو نے اس بات کی تصدیق کی کہ نیا ہتھیار کامیابی سے تجربہ کیا گیا ہے، اگرچہ اس کی تفصیلی خصوصیات ظاہر نہیں کی گئیں، تاہم کم جونگ ان نے اسے انتہائی جدید دفاعی ٹیکنالوجی کا شاندار مظہر قرار دیا۔
کم جونگ ان نے وارننگ دی کہ اس طرح کی عسکری پیش رفت کی وجہ سے دشمنوں کو انتہائی تکلیف دہ اور بھیانک انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔
دوسری جانب جنوبی کوریا نے اس تجربے کو سلامتی کونسل کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی قرار دیتے ہوئے اسے بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے، جبکہ جاپان نے بھی اس پر سخت احتجاج ریکارڈ کروایا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












