ایران کی جانب سے پیشگی حملوں کا خدشہ، اسرائیلی فوج کی تیاریوں میں غیر معمولی اضافہ

اسرائیل نے ایران کے ساتھ بڑھتی کشیدگی کے بعد اپنی سکیورٹی تیاریوں کو ہائی الرٹ پر کر دیا، تاکہ کسی بھی ممکنہ پیشگی حملے کا منہ توڑ جواب دیا جا سکے۔
اسرائیل نے ایران کے ساتھ ممکنہ نئی کشیدگی اور واشنگٹن و تہران کے درمیان مذاکرات تعطل کا شکار ہونے کے بعد اپنی سکیورٹی تیاریوں میں ہوشربا اضافہ کر دیا ہے۔
اسرائیلی میڈیا رپورٹس کے مطابق سکیورٹی اداروں کا ماننا ہے کہ صورتحال انتہائی حساس مرحلے میں داخل ہو چکی ہے اور حالات کسی بھی وقت قابو سے باہر ہو سکتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ میں ایران کے خلاف مظالم اور دشمنوں کی سازشیں بے نقاب کریں گے، ایرانی صدر
اسرائیل کو شدید خدشہ ہے کہ اگر موجودہ سفارتی کوششیں ناکام ہوئیں تو ایران کی طرف سے پیشگی کارروائی کی جا سکتی ہے۔
اسرائیلی سکیورٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ تہران کے موجودہ رویے سے نہیں لگتا کہ وہ مذاکرات کے دوران کسی قسم کی نرمی برتنے کے لیے تیار ہے۔ کشیدگی بڑھنے کی صورت میں تہران سب سے پہلے خطے میں موجود امریکی مفادات کو نشانہ بنا سکتا ہے، جس کے بعد اسرائیل بھی اس کا براہ راست ہدف بن سکتا ہے۔
اسی خطرے کے پیش نظر اسرائیلی فوج نے اپنی دفاعی اور جوابی حملہ کرنے کی تیاریوں کو انتہائی بلند سطح پر برقرار رکھا ہوا ہے اور وہ اس معاملے پر امریکی فوج کے ساتھ مسلسل قریبی رابطے میں ہے۔
گزشتہ چند ہفتوں سے اسرائیل میں ہائی الرٹ کی جو فضا قائم تھی، اب تہواروں کی آمد کے ساتھ اسے مزید سخت کر دیا گیا ہے جبکہ میزائل حملوں اور بیرون ملک اسرائیلی مفادات پر ممکنہ کارروائیوں سے نمٹنے کے لیے بھی خصوصی سکیورٹی اجلاس منعقد کیے جا چکے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












