منگل، 29-ستمبر،2026
منگل 1448/04/18هـ (29-09-2026م)

ماضی کے سیاہ دن کبھی واپس نہیں آئیں گے، ایران اب دنیا کی بڑی طاقت بن چکا ہے، سید مجتبیٰ خامنہ ای

29 ستمبر, 2026 09:55

سید مجتبیٰ خامنہ ای نے واضح کیا ہے کہ بیرونی تسلط اور جبر کے پرانے دن اب ہمیشہ کے لیے ختم ہو چکے ہیں، دشمن خواہ کتنی ہی کوشش کیوں نہ کر لیں، وہ تاریک دور کبھی واپس نہیں آ سکتا۔

مقدس دفاع کے ہفتے کے موقع پر اپنے پیغام میں آیت اللہ سید مجتبیٰ خامنہ ای نے صدام حسین کی مسلط کردہ جنگ اور حزب اللہ کے شہید سیکریٹری جنرل سید حسن نصراللہ کی شہادت کی دوسری برسی کے تناظر میں خطے کی تاریخی اور موجودہ صورتحال پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ ماضی میں ایران کے جنوبی سمندر بیرونی دشمن قوتوں کے لیے ایک کھیل کا میدان بنے ہوئے تھے، لیکن اب ایرانی جنگجوؤں اور آبنائے ہرمز کے محافظوں کی طرف سے ملنے والی شدید اور دردناک مار کے بعد وہ عرب سمندر کا رخ کرنے کی جرات بھی نہیں کر پاتے۔

انہوں نے زور دیا کہ جب بھی دشمن نے خطرہ مول لینے کی حماقت کی، اسے خود بھاری نقصان اٹھانا پڑا، اور وہ دن بھی زیادہ دور نہیں جب عرب سمندر سے بھی ان کا وجود مکمل طور پر صاف کر دیا جائے گا۔

ماضی کے حالات کا ذکر کرتے ہوئے رہبرِ انقلاب نے کہا کہ سنہ 1979 کے اسلامی انقلاب سے پہلے کے دن انتہائی سیاہ تھے، جب سامراجی طاقتوں کے سفیر ایرانی بادشاہ کو اپنے احکامات صادر کرتے تھے اور وہ انہیں مجبورا یا خوشی سے نافذ کرتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : برطانوی پولیس نے ایئربیس پر حملے کی کوشش میں ایران کے ملوث ہونے کی تحقیقات شروع کردی

انہوں نے مزید کہا کہ اسلامی انقلاب نے اس ظالمانہ نظام کو الٹ کر رکھ دیا، جو ان طاقتوں کے لیے انتہائی ناقابلِ برداشت تھا، جو اس خطے کے وسائل پر قابض ہونا چاہتی تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ آج دنیا بعض حوالوں سے ہمیں چوتھی بڑی سپر پاور کہتی ہے، لیکن الہی حساب سے جو قوم حق پر قائم ہے اور اہلبیت کے راستے پر چلتی ہے، وہ دنیا کی سب سے بڑی طاقت ہے۔

اس موقع پر انہوں نے لبنان کے شہید رہنما سید حسن نصراللہ کو شاندار خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے لبنان کا سر فخر سے بلند کیا اور ان کا یہ پرچم اب حزب اللہ کے سیکرٹری جنرل شیخ نعیم قاسم کے ہاتھوں میں ہے، جو اس راستے پر دلیری سے گامزن ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ استقامت کے حامیوں کے لیے آج کے دن انتہائی باعزت اور فخر والے ہیں، جبکہ دشمنوں اور ظالم طاقتوں کے وعدوں پر بھروسہ کرنے والوں کو رسوائی اور ناکامی کا منہ دیکھنا پڑے گا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔