فہیم اشرف اور طلعت حسین آسٹریلیا کیخلاف سیریز سے باہر، بابر اعظم اور فخر زمان کی واپسی متوقع

آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے سیریز کیلئے پی سی بی کی سلیکشن کمیٹی نے بنگلہ دیش کے خلاف کھیلنے والی ٹیم سے کئی کھلاڑیوں کو باہر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، بابر اعظم اور فخر زمان کی اسکواڈ میں واپسی متوقع ہے۔
پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جانے والی انتہائی اہم ون ڈے ہوم سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کے اسکواڈ میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔
معتبر ذرائع کے مطابق حال ہی میں بنگلہ دیش کے خلاف ون ڈے سیریز کھیلنے والی پاکستانی ٹیم کے متعدد کھلاڑیوں کی آسٹریلیا کے خلاف ہوم سیریز سے چھٹی کرانے کا حتمی فیصلہ کیا جا رہا ہے۔
اس سلسلے میں آل راؤنڈر فہیم اشرف اور مڈل آرڈر بیٹر طلعت حسین کے قومی اسکواڈ سے باہر ہونے کے قوی امکانات ظاہر کیے جا رہے ہیں کیونکہ ان کی حالیہ کارکردگی سلیکٹرز کو متاثر کرنے میں ناکام رہی ہے۔
دوسری جانب پاکستانی کرکٹ شائقین کے لیے بڑی خوشخبری یہ ہے کہ سابق کپتان اور مایہ ناز بلے باز بابر اعظم، جارح مزاج اوپنر فخر زمان اور نوجوان اسپنر سفیان مقیم کی قومی اسکواڈ میں باقاعدہ واپسی کا قوی امکان ہے، جس سے ٹیم کا بیٹنگ اور بولنگ لائن اپ مزید مضبوط ہو جائے گا۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان سمیت 10 ممالک کی غزہ گلوبل صمود فلوٹیلا پر اسرائیلی حملوں کی مذمت
پاکستان سپر لیگ کے حالیہ سیزن میں اپنی شاندار اور جادوئی بولنگ سے سب کو حیران کرنے والے نوجوان تیز گیند باز حنین شاہ کو ان کی شاندار کارکردگی کا صلہ دیتے ہوئے پہلی بار قومی ٹیم کے اسکواڈ میں شامل کرنے پر سنجیدگی سے غور کیا جا رہا ہے۔
تاہم مایہ ناز وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کی ٹیم میں شمولیت کے حوالے سے سلیکٹرز اور کرکٹ بورڈ کے حکام کے درمیان تاحال مکمل اتفاقِ رائے نہیں ہو سکا ہے اور ان کے نام پر مشاورت کا سلسلہ اب بھی جاری ہے۔
شیڈول کے مطابق آسٹریلیا کی کرکٹ ٹیم اس اہم ترین سیریز کے لیے 30 مئی کو اسلام آباد پہنچے گی جبکہ پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان ون ڈے سیریز کا باقاعدہ آغاز تیس مئی سے راولپنڈی کے کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔
سیریز کا دوسرا میچ دو جون کو اور تیسرا اور آخری میچ چار جون کو کھیلا جائے گا، جس کے لیے پنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں تیاریاں ابھی سے شروع کر دی گئی ہیں۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












