فرانس میں فٹ بال میچ کی فتح کے بعد ہنگامے، 400 سے زائد مداح گرفتار

فرانس میں پیرس سینٹ جرمین فٹ بال کلب کی فتح کے بعد مداحوں اور پولیس کے درمیان ہونے والی شدید جھڑپوں میں 400 سے زائد افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔
فرانس کے دارالحکومت پیرس میں چیمپئنز لیگ کے فائنل میچ میں پیرس سینٹ جرمین کی آرسنل کے خلاف فلیٹ شوٹ آؤٹ پر تاریخی فتح کے بعد جشن کا ماحول ہنگاموں میں تبدیل ہو گیا۔
فٹ بال کے لاکھوں دیوانے سڑکوں پر نکل آئے اور پیرس کے مشہور علاقے شیمز الیزے کو اپنے کنٹرول میں لے لیا۔ اس دوران مداحوں اور پولیس کے درمیان شدید پرتشدد جھڑپیں ہوئیں، جس کے بعد پولیس نے ہجوم کو منتشر کرنے کے لیے آنسو گیس کا استعمال کیا۔
یہ بھی پڑھیں : حکومت سندھ کا کراچی میں ٹرکوں، ٹرالرز اور ہیوی لوڈنگ گاڑیوں کیلئے شہر سے باہر جدید ٹرمینل قائم کرنے کا فیصلہ
ہنگامہ آرائی کے دوران شرپسندوں نے آتش بازی کی، الیکٹرک بائیکس کو آگ لگا دی اور دکانوں کے شیشے توڑ دیے، جبکہ بس اور ٹرین سروس بھی معطل ہو کر رہ گئی۔
فرانسیسی وزیر داخلہ لورینٹ نونیز کے مطابق ان ہنگاموں میں سات پولیس اہلکار زخمی ہوئے ہیں اور اب تک 416 افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں سے 280 گرفتاریاں صرف پیرس سے ہوئی ہیں۔
دوسری جانب دائیں بازو کی قوم پرست رہنما میرین لی پین نے اس صورتحال پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ صرف فرانس میں ہی کسی فٹ بال کلب کی جیت پر فسادات پھوٹ پڑتے ہیں اور لوگوں کو تشدد سے بچنے کے لیے اپنے گھروں میں بند ہونا پڑتا ہے۔
تمام تر کشیدگی کے باوجود فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون کی جانب سے فاتح ٹیم کے اعزاز میں استقبالیہ اور جشن کی تقریب شیڈول کے مطابق منعقد کی جا رہی ہے۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











