فٹبال ورلڈ کپ کا سب سے بڑا اپ سیٹ، پیراگوئے نے جرمنی کو ٹورنامنٹ سے باہر کر دیا

فٹبال ورلڈ کپ 2026 کے راؤنڈ آف 32 میں پیراگوئے نے 4 مرتبہ کی عالمی چیمپئن جرمنی کو پینلٹی شوٹ آؤٹ پر شکست دے کر ٹورنامنٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ کر دیا۔
جرمنی کا ورلڈ کپ 2026 کا سفر راؤنڈ آف 32 میں پیراگوئے کے ہاتھوں غیر متوقع شکست کے بعد ختم ہو گیا ہے، جسے ٹورنامنٹ کی تاریخ کا سب سے بڑا اپ سیٹ قرار دیا جا رہا ہے۔
میچ کے پہلے ہاف کے 42 ویں منٹ میں پیراگوئے کے جولیئو اینسیسو نے متیاس گالارزا کے کراس پر ہیڈر کے ذریعے گول کر کے اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلائی تھی۔
جرمن ٹیم نے پہلے ہاف میں انتہائی مایوس کن کھیل کا مظاہرہ کیا، لیکن دوسرے ہاف کے شروع ہوتے ہی 8 ویں منٹ میں کائی ہاورٹز نے فلورین ویرٹز کے پاس پر گول کر کے اسکور 1-1 سے برابر کر دیا۔
اس کے بعد جرمنی کے جوناثن ٹاہ کا کارنر کک پر کیا گیا گول ویڈیو اسسٹنٹ ریفری یعنی وی اے آر کے جائزے کے بعد فاؤل قرار دے کر مسترد کر دیا گیا، اور مقررہ وقت اور ایکسٹرا ٹائم تک مزید کوئی گول نہ ہونے پر میچ کا فیصلہ پینلٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
یہ بھی پڑھیں : مارٹینیلی کے آخری منٹ کے گول نے برازیل کو جاپان کے خلاف سنسنی خیز فتح دلا دی
رواں سیزن میں آرسنل کو 22 سال بعد انگلش پریمیئر لیگ جتوانے میں کردار ادا کرنے والے جرمن فارورڈ کائی ہاورٹز شوٹ آؤٹ کی پہلی ہی پینلٹی مس کر بیٹھے۔
جرمنی کی ٹیم مجموعی طور پر 3 پینلٹیز اسکور کرنے میں ناکام رہی، جن میں کائی ہاورٹز، نک وولٹیمیڈ اور جوناثن ٹاہ شامل تھے، جبکہ پیراگوئے نے 2 پینلٹیز مس کیں اور بالآخر 4-3 سے فتح اپنے نام کر لی۔
پیراگوئے کی جانب سے جوس کینالے نے فیصلہ کن پینلٹی اسکور کی۔ عالمی رینکنگ میں جرمنی دسویں جبکہ پیراگوئے 41 ویں نمبر پر موجود ہے۔
یہ جرمنی کی ورلڈ کپ تاریخ میں پینلٹی شوٹ آؤٹ پر پہلی شکست ہے اور وہ 2014 میں ورلڈ کپ جیتنے کے بعد سے اب تک کبھی راؤنڈ آف 16 تک پہنچنے میں کامیاب نہیں ہو سکی ہے۔
اب پیراگوئے کا مقابلہ 4 جولائی کو فلیڈیلفیا میں راؤنڈ آف 16 کے میچ میں فرانس یا سوئیڈن سے ہوگا۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












