بدھ، 1-جولائی،2026
بدھ 1448/01/16هـ (01-07-2026م)

فرانس نے سویڈن کو 3-0 سے ہرا کر ورلڈ کپ کے آخری 16 میں جگہ بنا لی

01 جولائی, 2026 10:37

فٹ بال ورلڈ کپ کے اہم میچ میں فرانس نے سویڈن کو 3-0 سے یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر آخری 16 ٹیموں کے مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے ناک آؤٹ میچ میں فرانس نے سویڈن کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 3-0 سے فتح حاصل کر لی ہے۔

اس میچ کو دیکھنے کے لیے 80 ہزار 663 تماشائی اسٹیڈیم میں موجود تھے۔ فرانس کی جانب سے اسٹار کھلاڑی کائلان ایمباپے نے 2 خوبصورت گول اسکور کیے جبکہ مائیکل اولیسے بھی بہترین فارم میں نظر آئے۔

یہ بھی پڑھیں : ارلنگ ہالینڈ کا آخری منٹوں میں گول، ناروے ورلڈ کپ کے اگلے مرحلے میں پہنچ گیا

میچ کے پہلے ہاف کے اختتام پر کائلان ایمباپے نے گول کر کے ڈیڈ لاک توڑا۔ کھیل کے 53 ویں منٹ میں مائیکل اولیسے کے پاس پر پیرس سینٹ جرمین کے ونگر بریڈلی بارکولا نے فرانس کا دوسرا گول داغ دیا۔

اس کے بعد مائیکل اولیسے نے ایک اور بہترین پاس دیا، جس پر ایمباپے نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کر کے سویڈن کی واپسی کے تمام راستے بند کر دیئے۔

کائلان ایمباپے نے اپنے پہلے گول کا جشن کوچ ڈیڈیئر ڈیسچیمپس کو گلے لگا کر منایا، جو اپنی والدہ کے انتقال کے باعث گزشتہ میچ میں ٹیم کے ساتھ نہیں تھے۔

کوچ ڈیسچیمپس اس ٹورنامنٹ کے بعد 14 سالہ کامیاب ترین دور کا اختتام کرتے ہوئے اپنے عہدے سے دستبردار ہو جائیں گے۔ اب آخری 16 ٹیموں کے مرحلے میں فرانس کا مقابلہ ہفتے کے دن فلیڈلفیا میں پیراگوئے سے ہوگا۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔