ٹیسٹ تاریخ کے بدترین ریکارڈ نے شان مسعود سے پاکستان ٹیسٹ ٹیم کی کپتانی چھین لی

شان مسعود کی بطور ٹیسٹ کپتان تاریخ کی بدترین کارکردگی کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ نے انہیں عہدے سے برطرف کر کے بابر اعظم کے سپرد ٹیسٹ ٹیم کی کمان کر دی۔
پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود کا تین سالہ مایوس کن دورِ کپتانی اختتام پذیر ہو گیا ہے اور پی سی بی نے انہیں برطرف کر کے بابر اعظم کو دوسری بار ٹیسٹ ٹیم کا ہیڈ مقرر کر دیا ہے۔
شان مسعود کی کپتانی کا ریکارڈ ٹیسٹ تاریخ کے بدترین ریکارڈز میں شمار کیا گیا، جہاں انہوں نے 16 ٹیسٹ میچوں میں پاکستان کی قیادت کی اور ان میں سے 12 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔
ٹیسٹ تاریخ میں اب تک کوئی بھی کپتان اپنے پہلے 16 میچوں میں 12 میچ نہیں ہارا۔ پاکستان کی تاریخ میں صرف مصباح الحق نے 56 ٹیسٹ میں 19 شکستیں دیکھیں، جبکہ شان مسعود نے صرف 16 میچوں میں 12 ہار کا سامنا کیا۔ پاکستان ٹیم نے ان کی قیادت میں مسلسل 7 ٹیسٹ میچ ہارے، جو پاکستان کرکٹ کی تاریخ کا مشترکہ طور پر بدترین ریکارڈ ہے۔
یہ بھی پڑھیں : دورۂ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کیلئے 16 رکنی پاکستانی ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان، بابر اعظم کپتان مقرر
شان مسعود کے دور کا آغاز آسٹریلیا کے دورے سے ہوا تھا، جہاں پاکستان کو 3-0 سے شکست ہوئی، جس کے بعد ہوم گراؤنڈ پر بنگلہ دیش نے پاکستان کو 2-0 سے تاریخی شکست دی۔
شان مسعود کی قیادت میں پاکستان نے 7 سیریز میں سے صرف ایک سیریز جیتی اور ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے پوائنٹس ٹیبل پر سب سے نیچے چلی گئی۔
دوسری جانب بابر اعظم کا بطور ٹیسٹ کپتان ماضی کا ریکارڈ شاندار رہا ہے، ان کی قیادت میں پاکستان نے 20 ٹیسٹ میچوں میں سے 10 میں فتح حاصل کی اور بطور کپتان بابر اعظم کی بیٹنگ اوسط 50 سے زیادہ رہی۔
بابر اعظم اب ایک انتہائی مصروف ٹیسٹ سیزن میں ٹیم کی کمان سنبھال رہے ہیں، جہاں ویسٹ انڈیز کے بعد پاکستان کو انگلینڈ، نیوزی لینڈ اور سری لنکا کے خلاف اہم ٹیسٹ سیریز کھیلنی ہیں۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









