پیر، 6-جولائی،2026
پیر 1448/01/21هـ (06-07-2026م)

فٹبال ورلڈکپ کا بڑا اپ سیٹ، ناروے نے 5 بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو ورلڈ کپ سے باہر کر دیا

06 جولائی, 2026 11:26

عالمی کپ 2026 کے سنسنی خیز مقابلے میں ناروے نے ارلنگ ہالینڈ کے دو گولز کی بدولت 5 بار کی عالمی چیمپئن برازیل کو 2-1 سے ہرا کر پہلی مرتبہ کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

نیویارک نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے ورلڈ کپ کے انتہائی اہم میچ میں ناروے نے برازیل کو شکست دے کر فٹبال کی دنیا کو حیران کر دیا ہے۔

ناروے کے گول کیپر اوریجن نائیلینڈ نے میچ کے پہلے ہاف میں برازیل کے کھلاڑی برونو گیماریس کی پنالٹی کک کو روک کر اپنی ٹیم کو میچ میں برقرار رکھا، جس کے بعد ارلنگ ہالینڈ نے آخری 11 منٹ میں دو شاندار گول کر کے برازیل کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔

برازیل کے اسٹار کھلاڑی نائیمار نے میچ کے آخری منٹوں میں پنالٹی کے ذریعے ایک گول اسکور کر کے خسارہ کم کرنے کی کوشش کی، لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔

ان دو گولز کے ساتھ ہی ارلنگ ہالینڈ ٹورنامنٹ میں 7 گول کر کے لیونل میسی کے برابر آ گئے ہیں۔ ناروے کا مقابلہ اب 11 جولائی کو میامی میں انگلینڈ کے خلاف ہوگا۔

برازیل نے اپنے 24 سالہ ورلڈ کپ کے قحط کو ختم کرنے کے لیے کارلو اینسیلوٹی کو کوچ مقرر کیا تھا، لیکن یہ مسلسل چھٹا ٹورنامنٹ ہے، جہاں برازیل کو کسی یورپی ٹیم کے ہاتھوں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : آسٹریلیا کی خواتین کرکٹ ٹیم نے انگلینڈ کو ہرا کر ساتویں بار ٹی 20 عالمی کپ جیت لیا

برازیل کی ٹیم گزشتہ 36 سالوں میں کبھی بھی کوارٹر فائنل سے پہلے باہر نہیں ہوئی تھی، آخری بار وہ 1990 میں ارجنٹائن سے ہارے تھے۔

میچ کا آغاز انتہائی سنسنی خیز رہا۔ میچ کے تیسرے ہی منٹ میں ناروے کے پیٹرک برگ نے گول کر دیا تھا لیکن ریفری نے اسے آف سائیڈ قرار دیا۔ اس کے بعد برازیل کو اس وقت پنالٹی ملی، جب کرسٹوفر آجر نے باکس کے اندر میتھیوس کونہا کو گرایا۔

پہلے تو ریفری نے پنالٹی دینے سے انکار کیا لیکن وی اے آر کی مداخلت پر فیصلہ تبدیل کر دیا گیا۔ تاہم، ناروے کے گول کیپر نائیلینڈ نے برونو گیماریس کی کمزور ہٹ کو شاندار طریقے سے روک دیا۔ نائیلینڈ نے اس کے بعد بھی برازیل کے ونیشیس جونیئر اور مارٹینیلی کے یقینی گول روک کر میچ پر گرفت مضبوط رکھی۔

میچ کے دوسرے ہاف میں برازیل نے نوجوان کھلاڑی اینڈرک اور 67 ویں منٹ میں نائیمار کو میدان میں اتارا، جس پر اسٹیڈیم میں موجود برازیلی شائقین نے زبردست نعرے بازی کی، لیکن کامیابی ناروے کو ملی۔

میچ کے آخری حصے میں شیلڈروپ نے بائیں جانب سے شاندار کراس دیا، جس پر ہالینڈ نے اچھل کر گیند کو نیٹ کے کونے میں پہنچا دیا۔

اس کے بعد 90 ویں منٹ میں ہالینڈ نے باکس کے باہر سے ایک اور زوردار ہٹ لگا کر اسکور 2-0 کر دیا۔ آخری منٹ میں نائیمار نے پنالٹی پر گول ضرور کیا لیکن وہ صرف برازیل کی شکست کا فرق ہی کم کر سکے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔