جمعہ، 10-جولائی،2026
جمعہ 1448/01/25هـ (10-07-2026م)

مراکش کا ورلڈ کپ سفر ختم، فرانس نے 2-0 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

10 جولائی, 2026 12:18

فٹ بال ورلڈ کپ کے کوارٹر فائنل میچ میں فرانس نے مراکش کو 2-0 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا۔

فٹ بال ورلڈ کپ کے ایک اہم مقابلے میں کائلان مباپے اور عثمان ڈیمبیلے کے شاندار گولز کی بدولت فرانس نے مراکش کو 2-0 سے ہرا کر سیمی فائنل میں اپنی جگہ پکی کر لی ہے۔

بوسٹن کے باہر جلیٹ اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں مباپے نے 60 ویں منٹ پر ٹورنامنٹ کا اپنا 8 واں گول کر کے فرانس کو برتری دلائی، جس کے ٹھیک 6 منٹ بعد عثمان ڈیمبیلے نے ٹیم کا دوسرا گول کر کے فرانس کی فتح یقینی بنا دی۔

اس شاندار جیت کے بعد 2018 کی عالمی چیمپئن فرانس منگل کے روز آرلنگٹن، ٹیکساس میں ہونے والے سیمی فائنل میں اسپین یا بیلجیم کے مدمقابل ہوگی۔

افریقی چیمپئن مراکش کے بارے میں یہ امید کی جا رہی تھی کہ وہ فرانس کو مسلسل تیسری بار ورلڈ کپ فائنل میں پہنچنے سے روکنے کے لیے بڑا خطرہ بنے گی، لیکن فرانسیسی ٹیم نے میچ پر اپنا مکمل کنٹرول برقرار رکھا۔

یہ بھی پڑھیں : ورلڈ کپ سے باہر ہونے کے باوجود فلسطین اور غزہ کی حمایت کرنے پر مصر کی ٹیم ہیرو بن گئی

مراکش کی ٹیم کھیل میں کافی محدود دکھائی دی اور وہ میچ کے 83 ویں منٹ تک فرانس کے گول پر ایک بھی شاٹ نہ لگا سکی، جب عزالدین اوناہی کی فری کک کو فرانسیسی گول کیپر مائیک مینیان نے خوبصورتی سے روک دیا۔

اگرچہ فرانس کو میچ کے آغاز میں گول کرنے کے لیے سخت جدوجہد کرنی پڑی اور 28 ویں منٹ پر مباپے کی ایک پنالٹی کو مراکش کے گول کیپر یاسین بونو نے روک کر فرانس کو برتری حاصل کرنے سے محروم کر دیا تھا۔

مباپے کو یہ پنالٹی اس وقت ملی تھی، جب انہیں نوسیر مزراوئی نے ڈی ایریا میں گرایا تھا، تاہم ویڈیو اسسٹنٹ ریفری کی طویل جانچ کی وجہ سے مباپے کو کک لگانے کے لیے کئی منٹ انتظار کرنا پڑا۔

مراکش کی ٹیم ہاف ٹائم تک فرانس کو روکنے میں کامیاب رہی، لیکن 60 ویں منٹ پر مباپے نے ڈی کے باہر سے شاندار دائیں پاؤں سے شاٹ مار کر گیند کو جال میں پہنچا دیا۔

اس کے بعد پیرس سینٹ جرمین کے اسٹار کھلاڑی ڈیمبیلے نے 66 ویں منٹ میں مڈفیلڈ سے آگے بڑھتے ہوئے گیند کو گول کے نچلے کونے میں پہنچا کر میچ کا فیصلہ کر دیا۔

اب فرانس کو انتظار ہے کہ جمعہ کو لاس اینجلس میں ہونے والے کوارٹر فائنل میں یورپی چیمپئن اسپین یا بیلجیم میں سے کون جیت کر ان کے سامنے آتا ہے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔