جمعہ، 10-جولائی،2026
جمعہ 1448/01/25هـ (10-07-2026م)

بنگلہ دیشی تیز گیند باز مستفیض الرحمان انجری کے باعث 4 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے باہر

10 جولائی, 2026 12:32

بنگلہ دیش کے مایہ ناز تیز گیند باز مستفیض الرحمان شدید انجری کے باعث 4 ہفتوں کے لیے کرکٹ سے باہر ہو گئے، وہ دورہ زمبابوے کے بقیہ میچز نہیں کھیل سکیں گے۔

بنگلہ دیش کے فاسٹ بولر مستفیض الرحمان کی دائیں ہیمسٹرنگ میں مصل ٹیئر اور دائیں گھٹنے کی ہڈی کی تکلیف کی تصدیق ہوئی ہے، جس کے باعث وہ زمبابوے کے خلاف جاری سیریز سے باہر ہو گئے ہیں۔

مستفیض الرحمان نے پیر کے روز زمبابوے کے خلاف کھیلے گئے پہلے ون ڈے میچ میں بولنگ کے دوران درد کی شکایت کی تھی، جس کے بعد منگل کو کیئے گئے اسکینز میں ان کی انجری کی سنگینی کا انکشاف ہوا۔

زمبابوے کے خلاف پہلے ون ڈے میچ میں، جس میں بنگلہ دیش کو 25 رنز سے شکست ہوئی تھی، مستفیض نے 6 اوورز میں 19 رنز دیئے تھے اور وہ 142 رنز کے تعاقب میں 10 ویں نمبر پر بیٹنگ کے لیے بھی آئے تھے۔

یہ بھی پڑھیں : مراکش کا ورلڈ کپ سفر ختم، فرانس نے 2-0 سے ہرا کر سیمی فائنل میں جگہ بنا لی

وہ جمعرات کو ہونے والے دوسرے ون ڈے میچ میں بھی شرکت نہیں کر سکے تھے اور ان کی جگہ بائیں ہاتھ کے دوسرے تیز گیند باز شریف الاسلام کو ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔

مستفیض اب اس دورے کے بقیہ میچوں اور 3 ٹی ٹوئنٹی میچوں کی سیریز کا حصہ نہیں ہوں گے اور وہ بحالی کے عمل کے لیے وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔

مستفیض الرحمان اس سال کے شروع میں بھی گھٹنے کی انجری کا شکار رہے تھے، جب وہ پاکستان سپر لیگ سے واپس آ کر اپریل میں نیوزی لینڈ کے خلاف ون ڈے سیریز کھیل رہے تھے۔

اس وقت وہ پہلے 2 ون ڈے میچ نہیں کھیل پائے تھے، لیکن تیسرے میچ میں انہوں نے 5 وکٹیں حاصل کی تھیں، جس کے بعد بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ نے پی ایس ایل کے بقیہ میچوں کے لیے ان کا این او سی واپس لے لیا تھا۔

زمبابوے کا یہ دورہ 19 جولائی کو ختم ہوگا، جس کے بعد بنگلہ دیشی ٹیم کو 13 اگست سے آسٹریلیا کا دورہ کرنا ہے، جہاں وہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025 سے 2027 کے سائیکل کے تحت 2 ٹیسٹ میچ کھیلے گی۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔