ویسٹ انڈیز نے پہلے ایک روزہ میچ میں نیوزی لینڈ کو 7 وکٹوں سے ہرا دیا

کیسی کارٹی کے 95 اور کپتان شائی ہوپ کے ناٹ آؤٹ 87 رنز کی بدولت ویسٹ انڈیز نے نیوزی لینڈ کو پہلے ایک روزہ میچ میں 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔
گیانا میں کھیلے گئے پہلے میچ میں نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 267 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی پوزیشن ایک وقت میں 4 وکٹوں پر 234 رنز کے ساتھ بہت مضبوط تھی، لیکن اس کے آخری 6 کھلاڑی صرف 33 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزارائی جوزف نے 41 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ اپنا پہلا میچ کھیلنے والے 19 سالہ اسپنر وائٹل لاوز نے شاندار بولنگ کرتے ہوئے 3 وکٹیں حاصل کیں۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ڈیرل مچل 65 اور ول ینگ 49 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔
یہ بھی پڑھیں : ویسٹ انڈیز اور سری لنکا کے درمیان دوسرا ٹیسٹ ڈرا، ویسٹ انڈیز نے سیریز جیت لی
جواب میں ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف 3 وکٹوں کے نقصان پر 7 گیندیں پہلے ہی حاصل کر لیا۔ کیسی کارٹی اور شائی ہوپ نے تیسری وکٹ کے لیے 131 رنز کی شراکت قائم کی۔
کیسی کارٹی اپنی سنچری سے صرف 5 رنز دوری پر 95 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ میچ کے دوران اس وقت تنازع کھڑا ہوا جب 64 رنز پر بیٹنگ کرتے ہوئے کارٹی کا بلا شاٹ کھیلنے کے بعد وکٹوں سے ٹکرا گیا تھا لیکن امپائر نے قانون کے مطابق انہیں ناٹ آؤٹ قرار دیا کیونکہ وہ شاٹ مکمل کر چکے تھے۔
شائی ہوپ نے 87 رنز کی ناٹ آؤٹ اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی جبکہ شرفین ردرفورڈ نے وننگ چھکا لگایا۔
Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









