پیر، 13-جولائی،2026
پیر 1448/01/28هـ (13-07-2026م)

کپتانی جانے کے بعد بھی شان مسعود ٹیم کیلئے بہترین کارکردگی دکھائیں گے، سرفراز احمد

13 جولائی, 2026 10:10

سرفراز احمد نے ویسٹ انڈیز روانگی سے قبل سابق کپتان شان مسعود کی حمایت کرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ وہ بطور کھلاڑی ٹیم میں اپنا بہترین کردار ادا کرتے رہیں گے۔

پاکستان کے ٹیسٹ ہیڈ کوچ سرفراز احمد نے ویسٹ انڈیز کے دورے پر روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق کپتان شان مسعود کے رویے کی کھل کر تعریف کی ہے۔ تقریباً 3 سال تک ٹیم کی قیادت کرنے کے بعد شان مسعود اب پہلی بار بغیر کپتانی کے ایک عام کھلاڑی کی حیثیت سے میدان میں اتریں گے۔

سرفراز احمد نے بتایا کہ ان کی شان مسعود سے بات ہوئی ہے اور ان کے حوصلے بلند ہیں۔ اگرچہ انہیں ہیمسٹرنگ کا تھوڑا سا مسئلہ ہے لیکن ان کی تیاری بہت اچھی ہے اور وہ ایک سینیئر اور سمجھدار کھلاڑی کی طرح جانتے ہیں کہ اس صورتحال سے کیسے نکلنا ہے۔ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف آنے والی سیریز میں ان کا تجربہ ٹیم کے بہت کام آئے گا۔

یہ بھی پڑھیں : انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے برینڈن میکولم کو ٹیسٹ ہیڈ کوچ کے عہدے سے برطرف کر دیا

سرفراز احمد نے لاہور اور راولپنڈی میں لگائے گئے تربیتی کیمپوں کے حوالے سے بتایا کہ ٹیم کی تیاری بہترین ہے۔ انہوں نے ویسٹ انڈیز کے موسم اور وہاں کی نمی کو مدنظر رکھتے ہوئے کھلاڑیوں کو تیار کیا ہے اور پچوں پر گھاس کے ساتھ ساتھ اسپن ٹریکس بنا کر پریکٹس کی ہے۔

انہوں نے حالیہ مایوس کن نتائج کا اعتراف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اپنے آخری 16 ٹیسٹ میچوں میں سے 12 ہار چکا ہے، جن میں بنگلہ دیش کے خلاف مئی میں ہونے والی سیریز کی 2 شکستیں بھی شامل ہیں۔

اس خراب کارکردگی کے بعد بورڈ نے کپتانی دوبارہ بابر اعظم کو سونپ دی ہے۔ سرفراز احمد نے بابر اعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کے پاس کپتانی کا وسیع تجربہ ہے اور اس مشکل وقت میں تمام کھلاڑیوں سے انفرادی طور پر بات کی گئی ہے تاکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں فتح حاصل کی جا سکے۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔