بدھ، 15-جولائی،2026
بدھ 1448/02/01هـ (15-07-2026م)

فرانسیسی ٹیم کا خواب چکنا چور، اسپین نے فرانس کو 2-0 سے ہرا کر ورلڈ کپ فائنل میں جگہ بنا لی

15 جولائی, 2026 10:24

اسپین نے فیفا ورلڈ کپ کے سیمی فائنل میں مضبوط حریف فرانس کو 2-0 سے شکست دے کر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

ہسپانوی فٹ بال ٹیم نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے فرانس کو 2-0 سے شکست دے کر ورلڈ کپ کے فائنل میں جگہ پکی کر لی ہے، جہاں اس کا مقابلہ اب انگلینڈ یا ارجنٹائن سے ہوگا۔

فرانس کی ٹیم جو امریکا میں لاجواب کارکردگی دکھانے کے بعد ورلڈ کپ جیتنے کے لیے سب سے پسندیدہ ٹیم مانی جا رہی تھی، سیمی فائنل میں یورپی چیمپئن اسپین کے سامنے بے بس نظر آئی۔

ٹیکساس کے شہر آرلنگٹن میں کھیلے گئے اس میچ کے پہلے ہاف میں اسپین کے کھلاڑی مائیکل اویارزابال نے پنالٹی کک پر شاندار گول کر کے اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔

یہ بھی پڑھیں : ٹرمپ کی مداخلت پر پابندی ختم ہونے سے فیفا ورلڈ کپ میں بڑا تنازعہ پیدا ہوا، امریکی فٹ بالر

یہ پنالٹی اس وقت ملی جب فرانس کے ڈیفینڈر لوکاس ڈینی نے اسپین کے لامین یامال کو گرا دیا تھا۔ اس کے کچھ ہی دیر بعد فرانس کو بڑا دھچکا لگا، جب ان کے اہم ڈیفینڈر ولیم سالیبا کمر کی تکلیف کے باعث میدان سے باہر چلے گئے۔

فرانس کی ٹیم پہلی برتری کے بعد دباؤ میں آ گئی اور پہلے ہاف میں ایک بھی گول کرنے میں ناکام رہی۔ دوسرے ہاف کے 58 ویں منٹ میں اسپین کے پیڈرو پورو نے ایک خوبصورت پاس پر بہترین گول کر کے اسپین کی برتری کو 2-0 کر دیا۔

فرانس کی ٹیم میں کائلان ایمباپے اور عثمان ڈیمبیلے جیسے ورلڈ کلاس فارورڈز شامل ہونے کے باوجود وہ اسپین کے مضبوط دفاع کو نہ توڑ سکے۔

اسپین نے اس پورے ٹورنامنٹ میں اب تک صرف ایک گول کھایا ہے اور وہ اب فائنل جیتنے سے محض 90 منٹ دوری پر ہیں۔

دوسری جانب، فرانس کی ٹیم اب صرف تیسری پوزیشن کے میچ کے لیے میدان میں اترے گی، اور اس شکست کے ساتھ ہی فرانسیسی کوچ ڈیڈیئر ڈیشامپ کا 14 سالہ شاندار سفر بھی ادھورا ختم ہو گیا، جو اس ٹورنامنٹ کے بعد اپنے عہدے سے سبکدوش ہو رہے ہیں۔

Catch all the کھیل News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔