آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 4G انقلاب، نئے ٹاورز نصب

ایس سی او نے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے دور دراز علاقوں میں 4G سروس کی فراہمی کے لیے بڑے پیمانے پر ٹاورز کی تنصیب اور اپ گریڈیشن کا کام شروع کر دیا ہے۔
آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے دشوار گزار اور دور دراز علاقوں میں انٹرنیٹ کی جدید سہولیات فراہم کرنے کے لیے اسپیشل کمیونی کیشن آرگنائزیشن نے ایک بڑا سنگ میل عبور کر لیا ہے۔
ادارے کی جانب سے ان علاقوں میں کل سینتالیس نئے 4G ٹاورز نصب کیے جا رہے ہیں تاکہ ڈیجیٹل پاکستان کے وژن کو حقیقت کی شکل دی جا سکے۔
اب تک گیارہ نئے ٹاورز کامیابی سے نصب کر دیے گئے ہیں جبکہ ستاسی میں سے ترپن پرانی سائٹس کو بھی جدید 4G ٹیکنالوجی پر اپ گریڈ کر دیا گیا ہے۔ اس منصوبے کا مقصد ان علاقوں کے رابطے کے نظام کو عالمی معیار کے مطابق بنانا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : پاکستان میں اے آئی انقلاب کا آغاز، حکومت کا نوجوانوں کیلئے ’اے آئی سیکھو‘ پروگرام متعارف
ادارے کے مطابق دسمبر 2026 تک کنیکٹیوٹی کو بہتر بنانے کا یہ تمام کام مکمل کر لیا جائے گا۔ اس منصوبے کی تکمیل سے آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے طلباء، کاروباری حضرات اور عام شہریوں کے لیے ترقی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
تیز رفتار انٹرنیٹ کی بدولت جہاں تعلیم کے شعبے میں آن لائن لرننگ کے مواقع بڑھیں گے، وہیں مقامی سطح پر روزگار اور فری لانسنگ کے نئے راستے بھی کھلیں گے۔
اسپیشل کمیونی کیشن آرگنائزیشن کا کہنا ہے کہ وہ ملکی ترقی اور دور افتادہ علاقوں کے عوام کو جدید ترین مواصلاتی سہولیات فراہم کرنے کے لیے پوری طرح پرعزم ہے۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











