ایرانی انجینئرز نے بیرونی مدد کے بغیر گیس کی پیمائش کا جدید میٹر تیار کر لیا

ایرانی انجینئرز نے کسی بھی غیر ملکی مصنوعات کی نقل یا مدد کے بغیر، مکمل طور پر اپنے ملکی وسائل اور مہارت کا استعمال کرتے ہوئے گیس کی پیمائش کرنے والا جدید ترین الٹراسونک میٹر کامیابی سے تیار کر لیا ہے۔
ایران میں الٹراسونک میٹر منصوبے پر کام کا آغاز 2021 میں ایک مقامی کمپنی کی قیادت میں ہوا تھا۔ کمپنی کے تکنیکی مینیجر محمد مہدی خریدار نے تصدیق کی ہے کہ اس الٹراسونک فلیئر گیس فلو میٹر کا ایک ایک حصہ، بشمول الیکٹرانک سرکٹس، سگنل پروسیسنگ سافٹ ویئر اور صارف کا انٹرفیس مکمل طور پر مقامی طور پر تیار کیا گیا ہے۔
یہ آلہ آواز کی لہروں کے سفر کے وقت کو ناپنے کی ٹیکنالوجی پر کام کرتا ہے، اور اس ٹیم کا ڈیجیٹل سگنل پروسیسنگ کا کام اتنا اعلیٰ معیار کا تھا کہ اسے پی ایچ ڈی کے مقالے کے طور پر تسلیم کیا گیا اور اس پر دو سائنسی تحقیقی مقالے بھی شائع ہو چکے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : اسرائیل امریکہ کو ایران سے جنگ میں دھکیلنے کیلئے فالس فلیگ کر سکتا ہے: سابق افسر
اس منصوبے کی سب سے بڑی کامیابی آلے کیلئے دھماکہ پروف ہونے کی تصدیق کی سند حاصل کرنا تھی، جس کیلئے ایک سال سے زیادہ کا عرصہ لگا تاکہ یہ ثابت کیا جا سکے کہ یہ آلہ ریفائنری کے حساس ماحول میں کسی قسم کے دھماکے یا آگ کا سبب نہیں بنے گا۔
اس ایجاد سے پہلے ایران بنیادی طور پر ایک جرمن کمپنی اور امریکی ادارے جی ای ایرواسپیس کے تیار کردہ میٹرز پر انحصار کرتا تھا، جن کی درآمدات اب سخت عالمی پابندیوں کی وجہ سے شدید ترین مشکلات کا شکار ہو چکی ہیں۔ ایران کی انڈسٹری میں اب تک یہی جرمن اور امریکی ماڈل سب سے زیادہ استعمال ہو رہے تھے۔
کمپنی کا کہنا ہے کہ ان کی توجہ فی الحال مقامی مارکیٹ پر ہے، جہاں 30 سے 40 ریفائنریاں اور پیٹرو کیمیکل پلانٹس ان کے ممکنہ گاہک ہیں۔
اس پروڈکٹ کے لیبارٹری ٹیسٹ مکمل ہو چکے ہیں اور اب اسے پائلٹ پروجیکٹ کے طور پر ایک ریفائنری میں نصب کرنے کی آخری مراحل کی تیاریاں جاری ہیں۔
تیل اور گیس کے شعبے میں اس ایجاد سے ایران کا اہم صنعتی ڈھانچے میں غیر ملکی ٹیکنالوجی پر انحصار واضح طور پر کم ہو جائے گا۔
Catch all the سائنس و ٹیکنالوجی News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











