غلط رویہ مہنگا پڑ سکتا ہے، ٹرمپ کا وینزویلا کو سخت پیغام

ایران کے ساتھ تجارت کرنے والے ممالک پر 25 فیصد ٹیرف عائد کیا جائے گا، ٹرمپ
امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وینزویلا کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر اس نے امریکا کے مؤقف کے مطابق طرزِ عمل اختیار نہ کیا تو ایک اور فوجی کارروائی خارج از امکان نہیں۔
ایئر فورس ون میں میڈیا نمائندوں سے گفتگو کے دوران صدر ٹرمپ نے کہا کہ امریکا کو وینزویلا کے تیل اور دیگر قدرتی وسائل تک مکمل رسائی ہونی چاہیے۔
ان کا کہنا تھا کہ وینزویلا کی جانب سے تعاون نہ کیا گیا تو امریکا مزید سخت اقدامات پر مجبور ہو سکتا ہے، جن میں دوبارہ حملہ بھی شامل ہے۔
صدر ٹرمپ نے وینزویلا کی نئی قیادت، بالخصوص نائب صدر ڈیلسی روڈریگز کو بھی سخت پیغام دیتے ہوئے کہا کہ اگر انہوں نے درست فیصلے نہ کیے تو انہیں سابق صدر نکولس مادورو سے بھی زیادہ سنگین نتائج کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ انہوں نے خطے کے دیگر ممالک کو بھی تنبیہ کی۔
کیوبا سے متعلق بات کرتے ہوئے امریکی صدر نے دعویٰ کیا کہ وہاں کی حکومت کمزور ہو چکی ہے اور ممکن ہے وہ کسی فوجی مداخلت کے بغیر ہی زوال کا شکار ہو جائے۔ کیوبا کا معاشی انحصار وینزویلا پر تھا، اور اب وہ سہارا بھی ختم ہو چکا ہے۔
صدر ٹرمپ نے کولمبیا کی قیادت پر بھی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں ایسی حکومت موجود ہے جو منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ میں دلچسپی رکھتی ہے، تاہم ان کے بقول یہ صورتحال زیادہ دیر تک برقرار نہیں رہ سکے گی۔
جب صحافیوں نے سوال کیا کہ آیا امریکا کولمبیا کے خلاف فوجی کارروائی پر غور کر رہا ہے تو صدر ٹرمپ نے کہا کہ کولمبیا کی موجودہ حکومت کے خلاف ممکنہ امریکی کارروائی کا خیال انہیں اچھا لگا۔
گفتگو کے اختتام پر امریکی صدر نے میکسیکو کو بھی متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر میکسیکو نے اپنے نظام میں اصلاحات نہ کیں تو امریکا کو مداخلت پر غور کرنا پڑے گا۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












