جمعرات، 15-جنوری،2026
بدھ 1447/07/25هـ (14-01-2026م)

ٹرمپ کی دھمکیوں پر کولمبیا کے صدر کا سخت ردعمل، ہتھیار اٹھانے کا اعلان

06 جنوری, 2026 08:58

کولمبیا کے صدر گستاوو پیٹرو نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے سخت بیانات اور دھمکیوں کے ردِعمل میں غیر معمولی مؤقف اختیار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ملک کی خودمختاری کو خطرہ لاحق ہوا تو وہ ہتھیار اٹھانے سے بھی گریز نہیں کریں گے۔

صدر پیٹرو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری بیان میں کہا کہ انہوں نے ماضی میں ہتھیار نہ اٹھانے کا عہد کیا تھا، تاہم اگر وطن کے دفاع کی نوبت آئی تو وہ اس عہد کو توڑنے کے لیے تیار ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی بیرونی دباؤ یا دھمکی کا سامنا کمزوری سے نہیں کیا جائے گا۔

یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب امریکا نے حال ہی میں ایک فوجی کارروائی کے دوران وینزویلا کے صدر نکولس مادورو کو حراست میں لیا، جس کے بعد خطے میں کشیدگی میں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔

واضح رہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کولمبیا کے صدر کے خلاف سخت زبان استعمال کرتے ہوئے انہیں خبردار کیا تھا اور توہین آمیز انداز میں کولمبیا کی قیادت پر تنقید کی تھی۔

ٹرمپ کا کہنا تھا کہ کولمبیا کی موجودہ حکومت منشیات کی پیداوار اور اسمگلنگ میں ملوث ہے، تاہم ان کے بقول یہ صورتحال زیادہ دیر برقرار نہیں رہے گی۔

ایک موقع پر جب صدر ٹرمپ سے کولمبیا کے خلاف ممکنہ امریکی فوجی کارروائی کے بارے میں سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ کولمبیا کی موجودہ حکومت کے خلاف کارروائی کے خیال کو سن کر انہیں حیرت انگیز طور پر اچھا محسوس ہوا۔

صدر پیٹرو نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ کولمبیا کی انسدادِ منشیات پالیسی مؤثر اور مضبوط ہے، تاہم انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ مسائل کا حل فوجی طاقت کے اندھے استعمال میں نہیں بلکہ سفارتکاری اور باہمی احترام میں پوشیدہ ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔