اتوار، 19-اپریل،2026
اتوار 1447/11/02هـ (19-04-2026م)

ایران نے آبنائے ہرمز پر یورپی یونین کے بیانات کو مسترد کردیا

19 اپریل, 2026 09:02

ایران نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانی کی آزادی سے متعلق یورپی یونین کے حالیہ بیانات کو سخت مسترد کرتے ہوئے برسلز پر منافقت کا الزام عائد کیا ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے یورپی یونین کی خارجہ پالیسی کی سربراہ کاجا کالس کے بیان پر شدید ردعمل ظاہر کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یورپی یونین کا عالمی قوانین کا حوالہ دینا ان کی دوغلی پالیسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں یورپی یونین کے مؤقف پر سوالات اٹھاتے ہوئے کہا کہ یہ بلاک ایک طرف تو امریکہ اور اسرائیلی ریاست کی جارحانہ کارروائیوں پر مجرمانہ خاموشی اختیار کیے ہوئے ہے اور دوسری جانب دوسروں کو قانونی اخلاقیات پر لیکچر دے رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : ایرانی انجینئرنگ کا شاہکار، امریکی اور اسرائیلی حملوں میں تباہ ہونے والے چھ ریلوے پل 72 گھنٹوں میں بحال

انہوں نے یورپی حکام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی نصیحتیں اپنے پاس رکھیں، کیونکہ یورپ اپنے ہی بیان کردہ اصولوں پر عمل درآمد میں ناکام ہو چکا ہے، جس کے باعث عالمی قوانین پر ان کی گفتگو اب محض ایک مذاق بن کر رہ گئی ہے۔

تہران نے آبنائے ہرمز پر اپنے کنٹرول کا بھرپور دفاع کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ایک ساحلی ریاست ہونے کے ناطے ایران کو یہ عالمی حق حاصل ہے کہ وہ آبنائے ہرمز کو اپنے خلاف فوجی جارحیت کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے۔

اسماعیل بقائی نے مزید کہا کہ اس تزویراتی آبی گزرگاہ سے غیر مشروط گزرگاہی حقوق کا تصور اب ختم ہو چکا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ خطے میں امریکی اور اسرائیلی فوجی موجودگی نے اس علاقے کو ایران کے لیے براہ راست سیکورٹی خطرے میں تبدیل کر دیا ہے۔

ایران اب آبنائے ہرمز میں ایک نیا بحری نظام متعارف کروانے کی پالیسی پر گامزن ہے، جو خطے میں بڑھتے ہوئے امریکی اور اسرائیلی دباؤ کا جواب ثابت ہوگا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔