پینٹاگون نے ٹرمپ کو ایران جنگ کے اصل حقائق سے بے خبر رکھا، جے ڈی وینس کا خدشہ

امریکی نائب صدر نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ پینٹاگون اور امریکی وزارتِ دفاع صدر ٹرمپ کو ایران کے خلاف جنگ کی اصل صورتحال سے بے خبر رکھ رہے ہیں۔
امریکی جریدے دی اٹلانٹک کی ایک حالیہ رپورٹ کے مطابق امریکہ کے نائب صدر جے ڈی وینس نے نجی محفلوں میں پینٹاگون کے کردار پر شدید سوالات اٹھائے ہیں۔
رپورٹ کے مطابق وینس کو اس بات پر گہری تشویش ہے کہ وزیرِ دفاع پیٹ ہیگستھ اور وزارتِ دفاع کے دیگر اعلیٰ حکام صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے ساتھ جاری تنازع کی وہ تصویر دکھا رہے ہیں، جو حقیقت کے برعکس انتہائی روشن اور پُر امید ہے۔
نائب صدر کا خیال ہے کہ پینٹاگون اس تلخ حقیقت کو چھپا رہا ہے کہ امریکہ کے پاس ٹوما ہاک میزائلوں اور دیگر دفاعی نظاموں کی شدید کمی ہو رہی ہے، جبکہ دوسری جانب ایران کے پاس اب بھی وہ تمام وسائل موجود ہیں، جو ایک طویل جنگ کے لیے ضروری ہوتے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : روس اور ایران کی مزاحمتی معیشت کے سامنے امریکی پابندیاں ناکام ثابت
خفیہ رپورٹس کے مطابق ایران کی فضائیہ اب بھی دو تہائی حد تک سلامت ہے اور اس کی میزائل لانچ کرنے کی صلاحیت کو بھی کوئی بڑا نقصان نہیں پہنچا ہے۔
سب سے تشویشناک پہلو یہ ہے کہ ایران کے پاس چھوٹی اور تیز رفتار جنگی کشتیوں کا ایک بڑا بیڑہ موجود ہے، جو آبنائے ہرمز میں بارودی سرنگیں بچھا کر عالمی جہاز رانی کے نظام کو درہم برہم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
نائب صدر وینس کا ماننا ہے کہ اگر صدر ٹرمپ کو ان حقائق سے بے خبر رکھا گیا تو امریکہ کسی بڑے عسکری بحران کا شکار ہو سکتا ہے۔
یہ صورتحال وائٹ ہاؤس اور پینٹاگون کے درمیان بڑھتے ہوئے عدم اعتماد کی نشاندہی کرتی ہے، جو کسی بھی بڑی جنگ کے دوران امریکہ کے لیے تباہ کن ثابت ہو سکتی ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












