امریکہ نے تہران کے جوہری پروگرام کو نشانہ بنانے کیلئے این پی ٹی فورم کا غلط استعمال کیا، ایرانی مشن

اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے امریکہ پر الزام عائد کیا ہے کہ وہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کے فورم کو تہران کے پرامن ایٹمی پروگرام کے خلاف پروپیگنڈے کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
نیویارک میں اقوام متحدہ کے لیے ایران کے مستقل مشن نے اپنے سخت بیان میں کہا کہ امریکہ جوہری عدم پھیلاؤ کے معاہدے کی نظرثانی کانفرنس کو اپنے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کر رہا ہے۔
ایران کے مطابق امریکہ تہران کے ایٹمی پروگرام کے حوالے سے غلط معلومات پھیلا رہا ہے تاکہ دنیا کی توجہ اپنی اور اپنے اتحادیوں کی جانب سے کی جانے والی خلاف ورزیوں سے ہٹا سکے۔
ایرانی مشن نے سوشل میڈیا پر جاری بیان میں واضح کیا کہ ایران کی افزودہ شدہ یورینیم کا ایک ایک گرام عالمی ایٹمی توانائی ایجنسی کی مکمل نگرانی میں ہے اور ایجنسی کی کسی رپورٹ میں ایٹمی مواد کے غیر قانونی استعمال کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔ ایران نے افسوس کا اظہار کیا کہ عالمی ادارے حملہ آور اور مظلوم کے درمیان تمیز کرنے میں ناکام رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کو ایٹمی ہتھیار نہیں بنانے دیں گے، پیوٹن یوکرین میں جنگ بندی کا اعلان کرسکتے ہیں، ٹرمپ
ایرانی نمائندے عامر سعید ایروانی نے متنبہ کیا کہ خلیج فارس کے خطے میں پائیدار امن صرف اسی صورت ممکن ہے، جب ایران کے خلاف جارحیت کا خاتمہ کیا جائے اور اس کے خود مختار حقوق کا احترام کیا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایران ہمیشہ سے آبنائے ہرمز اور خلیج عمان میں جہاز رانی کی آزادی کا حامی رہا ہے، لیکن امریکہ اور اسرائیل کی جانب سے جاری غیر قانونی فوجی کارروائیاں خطے کے استحکام کو نقصان پہنچا رہی ہیں۔
ایرانی مندوب نے مزید کہا کہ فروری سے جاری یہ جارحانہ جنگ عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی کھلی خلاف ورزی ہے، جس کا مقصد ایران کو کمزور کرنا ہے، تاہم تہران اپنے دفاع اور مفادات کے تحفظ کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











