ایران کے شاپنگ مال میں ہولناک آتشزدگی، 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق

تہران کے مغرب میں واقع اندیشہ شہر کے ارغوان شاپنگ سینٹر میں لگنے والی ہولناک آگ کے نتیجے میں 8 افراد جاں بحق اور 36 زخمی ہو گئے ہیں۔
ایرانی میڈیا کے مطابق اندیشہ شہر کے ایک مصروف تجارتی مرکز ’ارغوان شاپنگ مال‘ میں اچانک آگ بھڑک اٹھی، جس نے دیکھتے ہی دیکھتے پوری عمارت کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔
ایرانی عدلیہ کے ترجمان اخبار ’میزان‘ نے انکشاف کیا ہے کہ عمارت کے بیرونی حصے میں استعمال ہونے والا مٹیریل انتہائی آتش گیر تھا، جس کی وجہ سے آگ پر قابو پانا مشکل ہو گیا۔
یہ بھی پڑھیں : کوئی ہمیں سرنڈر کرنے پر مجبور نہیں کر سکتا، ایرانی صدر
سوشل میڈیا اور سرکاری خبر رساں ایجنسی ’ارنا‘ پر نشر ہونے والی ویڈیوز میں دیکھا جا سکتا ہے کہ بلند و بالا عمارت آگ کے شعلوں میں گھری ہوئی ہے اور دھوئیں کے بادل میلوں دور سے دیکھے جا رہے ہیں۔
اس افسوسناک واقعے میں اب تک 8 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو چکی ہے جبکہ 36 زخمیوں کو قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے، جن میں سے بعض کی حالت نازک بتائی جاتی ہے۔
ایرانی ریڈیو اور ٹی وی ’آئی آر آئی بی‘ کے مطابق، حکام نے اس واقعے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے عمارت کے ڈویلپر اور دیگر ذمہ داران کی فوری شناخت اور گرفتاری کا حکم جاری کر دیا ہے۔
تحقیقاتی ٹیمیں اس بات کا تعین کر رہی ہیں کہ آیا عمارت کی تعمیر میں حفاظتی اصولوں کو جان بوجھ کر نظر انداز کیا گیا تھا یا نہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












