اتوار، 10-مئی،2026
اتوار 1447/11/23هـ (10-05-2026م)

امریکی وزیر خارجہ اور قطری وزیر اعظم کے درمیان ایران جنگ پر مشاورت

10 مئی, 2026 09:30

امریکی وزیر خارجہ اور وائٹ ہاؤس کے مندوب نے میامی میں قطر کے وزیر اعظم سے ملاقات میں ایران کے ساتھ جاری جنگ کے خاتمے پر تبادلہ خیال کیا۔

ایران کے خلاف جاری جنگ کو روکنے کے لیے سفارتی کوششوں میں تیزی آ گئی ہے، جس کے سلسلے میں امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو اور وائٹ ہاؤس کے خصوصی مندوب اسٹیو وٹکوف نے میامی میں قطر کے وزیر اعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمن الثانی سے ایک اہم ملاقات کی ہے۔

ذرائع کے مطابق اس ملاقات کا مرکزی ایجنڈا واشنگٹن اور تہران کے درمیان ایک مفاہمتی یادداشت پر پیش رفت کرنا ہے تاکہ جنگ کو فوری طور پر روک کر وسیع تر مذاکرات کے لیے ایک فریم ورک تیار کیا جا سکے۔

اگرچہ جنگ کے آغاز سے پاکستان باضابطہ طور پر ثالث کا کردار ادا کر رہا ہے، لیکن قطر پس پردہ امریکہ اور ایران کے درمیان رابطوں کو سہل بنانے میں انتہائی متحرک ہے۔

یہ بھی پڑھیں : امریکی کانگریس میں پاکستان کی امن کوششوں کو سراہنے کیلئے قرارداد پیش

امریکی حکام دوحہ کو تہران کے ساتھ مذاکرات کے لیے ایک مؤثر اور قابل اعتماد واسطہ تصور کرتے ہیں۔ میامی پہنچنے سے قبل قطری وزیر اعظم نے واشنگٹن میں امریکی نائب صدر جے ڈی وینس سے بھی ملاقات کی تھی اور سعودی وزیر خارجہ سے بھی علاقائی ثالثی کی کوششوں پر رابطہ کیا ہے۔

اس وقت قطر، پاکستان، مصر، ترکی اور سعودی عرب مل کر کوششیں کر رہے ہیں کہ دونوں فریقین کشیدگی میں کمی لائیں اور ایک ایسے تصفیے کی طرف بڑھیں، جو خطے میں پائیدار امن کا ضامن ہو۔

قطر کی ان کوششوں کو عالمی سطح پر سراہا جا رہا ہے کیونکہ وہ پس پردہ رہ کر فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانے کے لیے اپنا اثر و رسوخ استعمال کر رہا ہے۔

اگرچہ امریکی محکمہ خارجہ نے اس ملاقات پر فوری طور پر کوئی تبصرہ نہیں کیا، لیکن مبصرین کا خیال ہے کہ یہ ملاقات جنگ بندی کی سمت میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو سکتی ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔