ایران یورینیم افزودگی روکنے پر آمادہ ہو گیا، امریکی اخبار کا دعویٰ تہران نے مسترد کردیا

امریکی جریدے وال اسٹریٹ جرنل نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران محدود مدت کے لیے یورینیم افزودگی روکنے پر آمادہ ہو گیا ہے، تاہم ایرانی سرکاری ذرائع نے اس رپورٹ کو گمراہ کن قرار دیتے ہوئے اپنے جوہری پروگرام پر کسی بھی سمجھوتے سے انکار کر دیا ہے۔
امریکی اخبار وال اسٹریٹ جرنل نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں سنسنی خیز دعویٰ کیا ہے کہ تہران ایک محدود مدت کے لیے یورینیم کی افزودگی روکنے پر آمادہ ہو گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق ایران نے مرحلہ وار جنگ بندی، آبنائے ہرمز کو بتدریج کھولنے اور آئندہ تیس روز کے اندر جوہری مسائل پر نئے مذاکرات شروع کرنے کی تجویز دی ہے۔
یہ بھی پڑھیں : چین اور روس، ایران امریکہ معاہدے کی ضمانت دیں، ایرانی سفیر
اخبار کا کہنا ہے کہ ایران انتہائی افزودہ یورینیم کی بلند سطح کو کم کرنے اور اسے کسی تیسرے ملک منتقل کرنے پر بھی رضا مندی ظاہر کر چکا ہے، تاہم اس نے امریکہ کا وہ مطالبہ سختی سے مسترد کر دیا ہے، جس میں بیس سال تک افزودگی بند کرنے پر زور دیا گیا تھا۔
دوسری جانب ایرانی سرکاری ذرائع نے وال اسٹریٹ جرنل کی اس رپورٹ کو قطعی طور پر گمراہ کن اور پروپیگنڈا قرار دیا ہے۔ تہران کی جانب سے واضح کیا گیا ہے کہ ایران کسی بھی صورت اپنا جوہری پروگرام مکمل طور پر بند نہیں کرے گا۔
ایرانی حکام کا مؤقف ہے کہ وہ مکمل جنگ بندی اور مستقبل میں کسی بھی ممکنہ حملے کے خلاف بین الاقوامی ضمانتوں کا مطالبہ برقرار رکھے ہوئے ہیں۔
تہران نے ایک بار پھر مطالبہ دہرایا ہے کہ اس پر عائد تمام پابندیاں فوری ختم کی جائیں، منجمد اثاثے بحال کیے جائیں اور ایرانی تیل کی برآمدات پر لگی رکاوٹیں ہٹائی جائیں، کیونکہ ان اقدامات کے بغیر خطے میں پائیدار امن کا قیام ممکن نہیں ہے۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










