ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز میں مستقل فیس کا نظام لاگو کرنے کیلئے مذاکرات

ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے گزرنے والے بحری جہازوں پر مستقل سروس فیس کا نظام لاگو کرنے کے لیے اہم مذاکرات جاری ہیں، جو خلیج میں مغربی اثر و رسوخ کے بغیر نئے جیو پولیٹیکل نظام کا اشارہ ہے۔
ایران اور عمان کے درمیان آبنائے ہرمز سے گزرنے والے تجارتی بحری جہازوں پر ایک مستقل فیس کا نظام قائم کرنے کے لیے بات چیت چل رہی ہے۔
نیویارک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ایران کی نئی قائم کردہ پرشین گلف سٹریٹ اتھارٹی نے آبنائے ہرمز کی نگرانی کے حدود کا تعین کر دیا ہے، اور چونکہ عمان اس آبنائے کے جنوبی حصے اور داخلی راستے کو کنٹرول کرتا ہے، اس لیے وہ اس منصوبے میں انتہائی اہم ملک ہے۔
عمانی حکام اس نئے فیس میکانزم سے حاصل ہونے والی آمدنی میں اپنے حصے کے لیے ایران سے مذاکرات کر رہے ہیں اور عمان اس منصوبے کے معاشی فوائد کو تسلیم کرتے ہوئے اپنے دیگر خلیجی پڑوسیوں بشمول سعودی عرب، بحرین، کویت، قطر اور متحدہ عرب امارات کو بھی اس کی حمایت کے لیے راضی کر سکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ سے فی الحال کسی معاہدے کے قریب نہیں پہنچے، ایرانی وزارت خارجہ
عالمی سمندری قوانین کے تحت یہاں سے گزرنے پر راہداری ٹیکس لگانا غیر قانونی ہے، اسی لیے ایران اور عمان اسے ٹیکس کے بجائے بندرگاہی ہینڈلنگ یا ویسٹ ڈسپوزل جیسی مخصوص خدمات کی فیس قرار دے رہے ہیں، جو کہ قانونی ہے۔
فرانس میں ایرانی سفیر محمد امین نژاد نے بلومبرگ کو بتایا کہ دونوں ممالک نیویگیشن اور سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے اپنے وسائل بروئے کار لائیں گے۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ اس منصوبے کے سخت مخالف ہیں، لیکن خلیجی ممالک ان کی بات پر توجہ نہیں دے رہے ہیں۔
ایران کی تسنیم نیوز ایجنسی کے مطابق امریکہ اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جنگ کی پالیسی نے خلیج تعاون کونسل کے تعلقات کو بدل دیا ہے، جہاں قطر اور عمان اس جنگ کے مخالف ہیں اور سعودی عرب سفارت کاری پر زور دے رہا ہے جبکہ متحدہ عرب امارات جنگ کی حمایت کر رہا ہے۔
سعودی عرب اسرائیل کی مخالفت کے باوجود ایران کے ساتھ امن معاہدے پر بھی بات کر رہا ہے کیونکہ خلیجی ممالک اب امریکہ کے روایتی عسکری تحفظ سے مایوس ہو چکے ہیں اور وہ مغربی مداخلت کے بغیر اپنا نیا علاقائی نظام قائم کر رہے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.









