پیر، 13-جولائی،2026
پیر 1448/01/28هـ (13-07-2026م)

امریکا کی خلاف ورزیوں کے بعد اسلام آباد معاہدہ ٹوٹ چکا ہے، ایران

13 جولائی, 2026 14:29

ایران نے شہید سپریم لیڈر اور دیگر شہریوں کے قتل پر عالمی سطح پر انصاف کے حصول اور امریکا کی جانب سے خلاف ورزیوں کے بعد اسلام آباد معاہدے کے خاتمے کا اعلان کر دیا۔

ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان اسماعیل بقائی نے تہران میں ایک پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہید سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای اور ہر شہید ایرانی شہری کے قتل کا عالمی سطح پر انصاف حاصل کرنا ایرانی حکومت کا ایک سنجیدہ اور بنیادی اصول ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ ایران اس مقصد کے لیے امریکا اور اسرائیل کے سنگین جرائم کو دستاویزی شکل دینے اور انصاف کے نفاذ کے لیے تمام قانونی اور عالمی فورمز اور مواقع کا بھرپور استعمال کرے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ امریکی اڈوں پر ایرانی کارروائیاں حق دفاع کے تحت کی گئیں، اس لیے ایران کو دفاع پر مورد الزام ٹھہرانا غیر ذمہ دارانہ ہے، اقوام متحدہ نے ایران کے مؤقف کو نظرانداز کیا ہے۔ اب ان ممالک سے سوال کیا جانا چاہیے اور انہیں جوابدہ ٹھہرایا جانا چاہیے، جنہوں نے امریکا اور اسرائیل کو اپنے فوجی اڈے دیئے۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کے خلاف پہلی بار خودکش بحری اور فضائی ڈرونز کا استعمال کیا، امریکی افواج

ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران آبنائے ہرمز سے جہاز رانی کے معاملے پر عمان کے ساتھ ایک مشترکہ میکنزم بنانے کی کوشش کر رہا ہے، لیکن مسقط پر امریکی دباؤ نے امن کی ان کوششوں میں شدید رکاوٹ ڈالی ہے، کیونکہ امریکا نے آبنائے ہرمز سے متعلق 30 روزہ مدت مکمل ہونے کا انتظار تک نہیں کیا۔

انہوں نے صاف الفاظ میں کہا کہ اس میں اب کوئی شک نہیں کہ اسلام آباد معاہدہ ختم ہو چکا ہے، کیونکہ امریکا نے اس کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔ ایران نے ہمیشہ ہر مذاکرات میں سنجیدگی دکھائی اور اپنے وعدے پورے کیے لیکن اگر واشنگٹن جنگ ختم کرنے کے اپنے وعدے پورے نہیں کرتا تو ایران بھی اب اس معاہدے کا پابند نہیں رہے گا۔

انہوں نے ایران کے سخت ترین مخالف امریکی سینیٹر لنڈسے گراہم کی 71 برس کی عمر میں اچانک ہلاکت پر تبصرہ کرتے ہوئے انہیں بدنیتی کا پیکر اور گرم مزاج قرار دیا اور کہا کہ ایرانی عوام ایسے شخص کا سوگ نہیں منائیں گے، جس کی زندگی کا مقصد صرف جارحیت اور دھمکی دینا تھا۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔