پیر، 13-جولائی،2026
پیر 1448/01/28هـ (13-07-2026م)

کمانڈرز ہمیں مرنے کیلئے چھوڑ کر بھاگ گئے تھے، کویت میں ایرانی حملے سے بچ جانے والے امریکی فوجی

13 جولائی, 2026 09:24

کویت میں ایرانی میزائل حملے کا نشانہ بننے والے امریکی فوجیوں نے الزام لگایا ہے کہ ان کے سینیئر کمانڈرز حملے کے وقت انہیں زخمی حالت میں چھوڑ کر خود عمارت سے بھاگ گئے تھے۔

امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ نے اپنی ایک خصوصی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ کویت میں ایرانی حملے میں بچ جانے والے امریکی فوجیوں نے اپنی ہی فوجی قیادت اور جنرلز پر انتہائی سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

ان فوجیوں کا کہنا ہے کہ اعلیٰ فوجی قیادت کو پہلے سے اچھی طرح معلوم تھا کہ کویت میں امریکی فوجی اڈا محفوظ نہیں ہے، لیکن انہوں نے اس حوالے سے دی جانے والی بار بار کی وارننگز کو مکمل طور پر نظر انداز کیا۔ فوجیوں کے مطابق انہیں کسی مناسب دفاعی نظام کے بغیر ایک انتہائی غیر محفوظ اور خطرناک مقام پر تعینات کیا گیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں : اقوام متحدہ کا امریکہ اور ایران سے فوری حملے روکنے کا مطالبہ

اخبار لکھتا ہے کہ سپاہیوں نے سب سے ہولناک الزام یہ لگایا کہ جب ایران کی طرف سے میزائل حملہ ہوا تو سینیئر کمانڈرز امدادی کارروائیوں کا انتظام کرنے اور اپنے زخمی جوانوں کی مدد کرنے کے بجائے خود عمارت چھوڑ کر بھاگ کھڑے ہوئے۔

فوجیوں نے بتایا کہ حملے کے بعد زخمیوں کو وہاں سے نکالنے اور طبی امداد دینے کا بھی کوئی مؤثر انتظام نہیں کیا گیا تھا۔

واضح رہے کہ ایک مارچ کو کویت پر ہونے والے اس ایرانی حملے میں 6 امریکی فوجی ہلاک اور 30 زخمی ہوئے تھے، تاہم پینٹاگون کی داخلی تحقیقات میں کسی بھی افسر کو اس غفلت کا ذمہ دار نہیں ٹھہرایا گیا اور نہ ہی کسی کے خلاف تادیبی کارروائی کی سفارش کی گئی۔

اس رویے پر ہلاک ہونے والے امریکی فوجیوں کے لواحقین نے پینٹاگون کے خلاف شدید مایوسی اور غصے کا اظہار کیا ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔