ایران پر 7 گھنٹے تک مسلسل حملوں کا نیا مرحلہ مکمل کرلیا، امریکی فوج

امریکی فوج نے ایران پر مسلسل 7 گھنٹے تک بمباری کر کے درجنوں میزائل اور ڈرون سائٹس تباہ کرنے کا دعویٰ کیا، جبکہ ایرانی بندرگاہوں کی بحری ناکہ بندی بھی شروع کر دی گئی۔
امریکی فوج نے ایران کی ساحلی حدود اور آبنائے ہرمز کے قریب درجنوں فوجی اہداف پر 7 گھنٹے طویل فضائی اور سمندری بمباری کا نیا مرحلہ مکمل کر لیا ہے۔
امریکی سینٹرل کمانڈ کی جانب سے جاری کردہ بیان کے مطابق، یہ حملے 14 جولائی کی رات 10 بجے شروع ہوئے اور 15 جولائی کی صبح ختم ہوئے۔
اس طویل آپریشن کے دوران امریکی جنگی طیاروں، بغیر پائلٹ کے ڈرونز اور جنگی بحری جہازوں نے ایران کے میزائل اور ڈرون لانچنگ سائٹس، بحری صلاحیتوں اور ساحلی دفاعی نظاموں پر انتہائی درست اور تباہ کن نشانہ بنایا۔
یہ بھی پڑھیں : ایران کا کویت، بحرین اور اردن میں امریکی فوجی اڈوں پر جوابی حملہ، لاجسٹک سینٹر اور ایندھن ذخائر تباہ
امریکی فوج کا دعویٰ ہے کہ ان حملوں کا مقصد ایران کی ان صلاحیتوں کو کمزور کرنا ہے، جن کے ذریعے وہ تجارتی بحری جہازوں اور ان کے عملے کو نشانہ بناتا ہے۔
امریکی حکام نے تصدیق کی ہے کہ ان حملوں کے ساتھ ہی امریکی بحریہ نے ایرانی بندرگاہوں اور ساحلی علاقوں کی طرف آنے اور جانے والے تمام بحری جہازوں کی بحری ناکہ بندی دوبارہ شروع کر دی ہے، جس کا نفاذ 14 جولائی کی شام 4 بجے سے ہو چکا ہے۔
سینٹ کام نے اپنے تفصیلی بیان میں الزام لگایا ہے کہ ایرانی سکیورٹی فورسز نے گزشتہ ایک ہفتے کے دوران خطے میں 7 تجارتی بحری جہازوں کو نشانہ بنایا، جس کے نتیجے میں بحری جہازوں کے عملے کے کم و بیش 12 عام شہری ہلاک، لاپتہ یا شدید زخمی ہو چکے ہیں۔
امریکی فوج کے مطابق ایران نے خلیجی خطے کے پڑوسی ممالک پر درجنوں میزائل اور خطرناک ڈرونز داغے تھے، جس کے بعد یہ کارروائی ناگزیر ہو گئی تھی۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.











