جمعہ، 24-جولائی،2026
جمعہ 1448/02/10هـ (24-07-2026م)

چین نے مجھے ہرانے کی بھرپور کوشش کی، 22 کروڑ امریکیوں کا انتخابی ڈیٹا چوری کیا، امریکی صدر

17 جولائی, 2026 09:46

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے امریکی انتخابی نظام کو شدید سکیورٹی خطرات سے دوچار قرار دیا ہے اور چین پر 22 کروڑ شہریوں کا انتخابی ڈیٹا چوری کرنے کا سنگین الزام عائد کردیا۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے وائٹ ہاؤس سے قوم سے خطاب کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ امریکہ اور اسرائیل مشترکہ طور پر ایران کے خلاف جاری جنگ میں انتہائی مضبوط پوزیشن میں ہیں اور بہت جلد دنیا اس محنت کے زبردست نتائج دیکھے گی۔

ایران جنگ پر مختصر بات کرنے کے بعد ٹرمپ نے اپنا پورا خطاب امریکی انتخابی نظام کی کمزوریوں پر مرکوز کیا۔

انہوں نے کہا کہ وسط مدتی انتخابات سے چند ماہ قبل امریکی الیکشن سکیورٹی کے نظام میں تباہ کن خامیاں سامنے آئی ہیں، جنہیں دور کرنا ناگزیر ہے۔

صدر ٹرمپ نے اہم خفیہ انٹیلی جنس دستاویزات کو عام کرنے کا اعلان کرتے ہوئے الزام لگایا کہ چین نے غیر قانونی طور پر 220 ملین یعنی 22 کروڑ امریکی ووٹرز کا ڈیٹا چوری کیا ہے، جس میں ان کے نام، پتے اور سیاسی وابستگیاں شامل ہیں۔

انہوں نے دعویٰ کیا کہ چین نے 2020 کے صدارتی الیکشن میں انہیں ہروانے کی بھرپور کوشش کی تاکہ وہ دوبارہ صدر نہ بن سکیں۔

یہ بھی پڑھیں : ایران کو ایک منٹ میں تباہ کرسکتے ہیں، وہاں رجیم چینج نہیں ڈیل ترجیح ہے، ڈونلڈ ٹرمپ

ٹرمپ نے دعویٰ کیا کہ محکمہ ہوم لینڈ سکیورٹی نے ووٹر لسٹوں میں 2 لاکھ 78 ہزار ایسے افراد کی نشاندہی کی ہے، جو امریکہ کے شہری ہی نہیں ہیں، مگر ان کے نام ووٹر لسٹوں میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ انہوں نے 2020 میں ریاست مشی گن کے علاقے مسکیگن کاؤنٹی میں جعلی ووٹر رجسٹریشن کارڈز کے ذریعے ہونے والے مبینہ فراڈ کا معاملہ اٹھاتے ہوئے الزام لگایا کہ وفاقی حکام اور بائیڈن کے محکمہ انصاف نے جان بوجھ کر اس معاملے کو دبایا اور تحقیقات کو سست کر کے ختم کر دیا۔

ٹرمپ نے ایف بی آئی کے ڈائریکٹر کو حکم دیا کہ وہ اس فراڈ میں ملوث مجرموں کے خلاف سخت ترین کارروائی کریں۔

دوسری جانب چین نے صدر ٹرمپ کے ان تمام الزامات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ چین کبھی بھی کسی دوسرے ملک کے اندرونی معاملات اور انتخابات میں مداخلت نہیں کرتا۔

ادھر مشی گن کے انتخابی حکام نے بھی ٹرمپ کے الزامات کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے مسترد کیا ہے اور کہا ہے کہ ان کا انتخابی نظام مکمل طور پر محفوظ ہے۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔