غزہ جنگ پر امریکیوں کی نفرت کم کرنے کے لیے 50 ملین ڈالر کی اسرائیلی خفیہ مہم کا انکشاف

اسرائیلی حکومت نے غزہ اور ایران کے خلاف جنگوں پر امریکی عوام میں بڑھتی ہوئی ناراضگی کو کم کرنے کے لیے 50 ملین ڈالر کی لاگت سے ایک بڑا خفیہ اثر و رسوخ کا پروگرام شروع کردیا ہے۔
امریکی اخبار وال سٹریٹ جرنل نے انکشاف کیا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے امریکی رائے عامہ کو اپنے حق میں تبدیل کرنے کے لیے کروڑوں ڈالر مالیت کی ایک وسیع مہم کا آغاز کیا ہے۔
اس مہم کے تحت مصنوعی ذہانت (اے آئی) سے تیار کردہ پیغامات، قدامت پسند امریکی میڈیا کے ساتھ شراکت داری اور ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا بڑے پیمانے پر استعمال کیا جا رہا ہے تاکہ غزہ میں جاری مظالم اور ایران کے خلاف جنگ پر امریکی عوام میں اسرائیل کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت کا مقابلہ کیا جا سکے۔
رپورٹ کے مطابق اس مہم کے لیے 45 ملین ڈالر سے زائد کے معاہدے صدر ٹرمپ کے سابق مہم مینیجر بریڈ پارسکل کی کمپنی کو دیئے گئے ہیں۔
اس مہم کے ذریعے لاکھوں امریکیوں کے موبائل فونز پر مصنوعی ذہانت کے ذریعے لکھے گئے پیغامات بھیجے جا رہے ہیں، جن میں فرضی خواتین کے نام استعمال کر کے یہ تاثر دیا جاتا ہے کہ جیسے کوئی حقیقی انسان ایران اور اسرائیل کے تعلقات پر رائے مانگ رہا ہو۔
یہ بھی پڑھیں : غزہ پر اسرائیلی افواج کے تازہ حملے، 3 معصوم بچوں سمیت 11 فلسطینی شہری شہید
ایک حالیہ امریکی سروے کے مطابق 60 فیصد امریکی بالغ افراد اسرائیل کے بارے میں منفی خیالات رکھتے ہیں، جس کی بڑی وجہ غزہ کے جنگی جرائم اور خطے میں فلسطینی شہریوں کی ہلاکتیں ہیں۔
اس مہم پر خود امریکی انتظامیہ کے اندر سے بھی شدید تنقید سامنے آئی ہے اور نائب صدر جے ڈی وینس نے ایک مشہور پوڈ کاسٹ میں اسرائیلی حکام پر الزام لگایا ہے کہ وہ امریکی رائے عامہ کو تبدیل کر کے جنگ کو ہمیشہ کے لیے طول دینا چاہتے ہیں۔
اخبار کے مطابق اس پورے نیٹ ورک کے پیچھے بریڈ پارسکل ہیں، جو سیلم میڈیا نامی ایک بڑے امریکی نیٹ ورک کے اسٹریٹجک چیف بھی ہیں اور اس نیٹ ورک نے اسرائیل کے حق میں لاکھوں ڈالر کے اشتہارات چلائے ہیں۔
دوسری جانب اسرائیلی وزیرِ خارجہ گائیڈن سار نے پہلے ہی سال 2026 کے لیے 700 ملین ڈالر سے زائد کا بجٹ عالمی سطح پر پروپیگنڈا بڑھانے کے لیے مختص کر رکھا ہے جبکہ امریکی سوشل میڈیا انفلوئنسرز کو بھی اسرائیل کے حق میں پوسٹس کرنے کے لیے ہزاروں ڈالر ادا کیے جا رہے ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.












