ایرانی فورسز کا اردن کے عقبہ ایئرپورٹ پر امریکی طیاروں کو بیلسٹک میزائلوں سے نشانہ بنانے کا دعویٰ

ایرانی پاسداران انقلاب نے اردن کے عقبہ ایئرپورٹ پر بیلسٹک میزائل داغ کر امریکی طیاروں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا،جبکہ اردنی اور اسرائیلی افواج نے میزائل فضا میں تباہ کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایران کی پاسداران انقلاب فورس نے اعلان کیا ہے کہ اس کی ایرو اسپیس فورس نے اردن کے شہر عقبہ کے ہوائی اڈے پر موجود امریکی فوجی طیاروں پر بیلسٹک میزائلوں سے حملہ کیا ہے۔ یہ کارروائی ایران کے جوابی فوجی آپریشنز کی 21 ویں لہر کا حصہ بتائی گئی ہے۔
ایرانی بیان کے مطابق اس حملے میں امریکہ کے فوجی ٹرانسپورٹ طیاروں اور جاسوسی طیاروں کو نشانہ بنایا گیا، جس سے کئی طیاروں کو شدید نقصان پہنچا۔
پاسداران انقلاب نے اس کارروائی میں انٹیلیجنس معلومات فراہم کرنے پر اردن کے عوام اور فوج کے کچھ ارکان کا شکریہ بھی ادا کیا اور دعویٰ کیا کہ اس سے قبل اردن کے ازرق فوجی علاقے میں امریکی فورسز کے 20 ہینگرز کو تباہ اور درجنوں امریکی اہلکاروں کو ہلاک کیا جا چکا ہے۔
یہ بھی پڑھیں : آبنائے ہرمز میں وارننگ نظر انداز کرنے والے 2 آئل ٹینکرز دھماکوں کے بعد رک گئے، ایرانی پاسداران انقلاب
عقبہ ایئرپورٹ اردن کا دوسرا بڑا تجارتی ہوائی اڈا ہے، جو امریکی فوجی کارروائیوں کے لیے ایک اہم لاجسٹک مرکز کے طور پر بھی استعمال ہوتا ہے۔
دوسری جانب اردن اور اسرائیل کی افواج نے ایرانی دعوؤں کے برعکس مؤقف اختیار کیا ہے۔ اسرائیلی فوج کے ترجمان نے بتایا کہ اسرائیل اور اردن کی افواج نے عقبہ کی طرف آنے والے ایک ایرانی میزائل کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔
اردنی فوج نے تصدیق کی ہے کہ انہوں نے اپنی حدود کی طرف داغے گئے 3 ایرانی میزائلوں کو کامیابی سے تباہ کیا جبکہ چوتھا میزائل ایک ویران علاقے میں جا گرا۔
حملے کے خطرے کے پیش نظر اردن کے دارالحکومت عمان اور دیگر شہروں میں سائرن بجائے گئے۔ تاہم اردن کی حکومت نے ان خبروں کی سختی سے تردید کی ہے کہ انہوں نے کسی خطرے کی وجہ سے عقبہ ایئرپورٹ یا بندرگاہ کو خالی کروایا ہے، اور واضح کیا کہ تمام تنصیبات معمول کے مطابق کام کر رہی ہیں۔
Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News
Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.










