جمعہ، 24-جولائی،2026
جمعرات 1448/02/09هـ (23-07-2026م)

آبنائے ہرمز میں 2 آئل ٹینکرز میں دھماکے اور شدید آتشزدگی، پاسداران انقلاب کا بیان جاری

21 جولائی, 2026 10:24

آبنائے ہرمز میں خطرناک راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے 2 آئل ٹینکرز میں دھماکوں کے بعد شدید آگ لگ گئی جبکہ عملے نے جہاز چھوڑ دیئے۔

ایران کی پاسداران انقلاب کے مطابق آبنائے ہرمز کے جنوب میں غیر محفوظ راستے سے گزرنے کی کوشش کے دوران 2 آئل ٹینکرز میں شدید دھماکے ہوئے ہیں، جس کے بعد ان میں آگ لگ گئی اور وہ حرکت کرنے کے قابل نہیں رہے۔

پاسداران انقلاب کے بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ بحری جہاز امریکی فوج کی دی گئی غلط معلومات اور گمراہ کن ہدایات پر عمل کرتے ہوئے اس خطرناک راستے میں داخل ہوئے تھے۔ پاسداران انقلاب نے عالمی بحری کمپنیوں کو واضح تنبیہ کی ہے کہ وہ اس خطے میں امریکی ہدایات پر ہرگز عمل نہ کریں۔

یہ بھی پڑھیں : امریکہ کے ایران کے خلاف مسلسل دسویں رات بھی فضائی حملے جاری، مختلف شہروں میں دھماکے

پاسداران انقلاب نے یہ بھی دہرایا کہ غیر ملکی افواج کی اس اہم بحری گزرگاہ میں موجودگی غیر قانونی ہے اور جب تک خطے میں امریکی جارحیت جاری رہے گی، آبنائے ہرمز کو مکمل طور پر بند رکھا جائے گا اور یہاں سے کسی قسم کے تیل، گیس یا کھاد کی برآمدات کی اجازت نہیں دی جائے گی۔ امدادی ٹیمیں آئل ٹینکرز سے عملے کو نکالنے کا کام کر رہی ہیں۔

اسی اثنا میں برطانوی ادارے یو کے ایم ٹی او نے تصدیق کی ہے کہ عمان کے علاقے لیما کے شمال مشرق میں آبنائے ہرمز کے اندر ایک آئل ٹینکر پر کسی نامعلوم شے کی ٹکر ہوئی ہے۔

ادارے کے مطابق ٹینکر کے سیکیورٹی آفیسر نے بتایا کہ شدید خطرے کے پیش نظر تمام عملے نے جہاز کو چھوڑ دیا ہے اور وہ اس وقت لائف بوٹس میں محفوظ ہیں۔ برطانوی ادارے کے مطابق فی الحال کسی ماحولیاتی نقصان کی اطلاع نہیں ملی ہے اور واقعے کی مزید تحققیات کی جا رہی ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔