جمعرات، 23-جولائی،2026
بدھ 1448/02/08هـ (22-07-2026م)

ایران پر دسویں رات بھی فضائی حملے، ایران کی جوابی کارروائی میں امریکی ایئر ڈیفنس سسٹمز، ایمازون ڈیٹا سینٹر اور ایک ایف 35 جنگی طیارہ تباہ

21 جولائی, 2026 15:48

امریکہ نے ایران پر مسلسل دسویں رات شدید فضائی حملے کیے ہیں، جس کے جواب میں پاسدارانِ انقلاب نے اردن، بحرین اور کویت میں امریکی فوجی بیسز، ایئر ڈیفنس سسٹمز اور ایمازون کے ڈیٹا سینٹر کو تباہ کرنے کا دعویٰ کیا ہے، جبکہ آبنائے ہرمز میں 2 آئل ٹینکرز میں دھماکوں کے بعد آگ لگ گئی ہے۔

امریکہ نے ایران کے خلاف اپنے حملوں کا سلسلہ جاری رکھتے ہوئے مسلسل دسویں رات بھی ملک کے مختلف علاقوں پر شدید بمباری کی۔

امریکی سینٹرل کمانڈ کے مطابق یہ حملے کمانڈر ان چیف کی ہدایت پر آبنائے ہرمز میں تجارتی جہاز رانی پر حملے کرنے والی ایرانی فوجی صلاحیتوں کو کم کرنے کے لیے کیے گئے ہیں، جن میں ایرانی ملٹری کمانڈ سینٹرز، بحری صلاحیتوں، میزائل اور ڈرون سائٹس اور ایئر ڈیفنس سسٹمز کو نشانہ بنایا گیا ہے۔

ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق جنوب اور مغرب کے متعدد شہروں جن میں بندر عباس، قشم جزیرہ، بندر لنگہ، سیریک، چابہار، کنارک اور شیراز شامل ہیں، شدید دھماکوں کی آوازیں سنی گئی ہیں۔

ایلام صوبے کے شہر آبدانان میں دینار کوہ کے علاقے میں ایک تنصیب کو نشانہ بنایا گیا، جہاں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔

بوشہر نیوکلیئر پاور پلانٹ کے قریب ایران کا فضائی دفاعی نظام فعال ہوا اور اس نے آنے والے میزائلوں کو نشانہ بنایا، جبکہ شہر پر کوئی بلاواسطہ حملہ نہیں ہوا اور اصفہان میں بھی کسی دھماکے کی تردید کی گئی ہے۔

امریکی بمباری کے جواب میں ایران کی پاسدارانِ انقلاب نے خطے میں قائم امریکی فوجی تنصیبات، ریڈار سسٹمز اور ایئر ڈیفنس نیٹ ورک پر بڑے پیمانے پر ڈرون اور میزائل حملے کیے۔

پاسدارانِ انقلاب کے مطابق بحرین کے علاقے محرق اور الرفاع میں امریکی ایئر ڈیفنس اور پیٹریاٹ سسٹمز کو مکمل طور پر تباہ کر دیا گیا تاکہ آئندہ کے آپریشنز کا راستہ صاف ہو سکے۔

یہ بھی پڑھیں : پینٹاگون نے ایرانی حملوں میں 100 امریکی فوجیوں کے زخمی ہونے کی تصدیق کردی

کویت میں قائم علی السالم ایئر بیس پر حملہ کر کے امریکی فوج کے ایم کیو 9 ڈرون کے ہینگر کو تباہ کیا گیا، جس سے متعدد طیاروں کو شدید نقصان پہنچا، جبکہ طویل فاصلے کے ریڈار، ٹیلیکمیونیکیشن سینٹر اور سیٹلائٹ سسٹمز ناکارہ بنا دیئے گئے۔

کویت کے احمد الجابر بیس پر بھی ارلی وارننگ ریڈار اور پیٹریاٹ سسٹم کو تباہ کیا گیا تاکہ خطے میں امریکی ریڈار کوریج کا خاتمہ ممکن ہو سکے۔

پاسدارانِ انقلاب نے بیان میں تصدیق کی ہے کہ ان کی ایرو اسپیس فورس نے اردن کے علاقے رکبان میں امریکی بری فوج کے کمپاؤنڈ پر میزائل حملہ کر کے ایک میزائل ڈیفنس ریڈار سسٹم اور ایک ایف 15 جنگی طیارہ تباہ کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں متعدد امریکی فوجی ہلاک ہو گئے ہیں۔

بیان میں کہا گیا کہ یہ خطہ امریکی فورسز کے لیے محفوظ نہیں ہے اور انہیں مزید جانی نقصان سے بچنے کے لیے فوراً نکل جانا چاہیے۔

پاسدارانِ انقلاب نے ہلاک شدگان کو ہیرو قرار دینے پر امریکی وزیرِ جنگ کے بیان کی مذمت کی اور کہا کہ معصوم بچوں کے قاتل بزدل سپاہیوں کے لیے ایسے الفاظ استعمال کرنا شرمناک ہے۔

اس کے علاوہ دارخوین میں ایرانی شہری تنصیبات پر امریکی جارحیت کے جواب میں بحرین میں موجود امریکی کمپنی ایمازون کے مرکزی ڈیٹا انفراسٹرکچر کو بھی کروز میزائلوں سے نشانہ بنا کر تباہ کر دیا گیا ہے۔

دوسری جانب آبنائے ہرمز کے جنوب میں امریکی فورسز کی غلط اور گمراہ کن ہدایات پر عمل کرتے ہوئے خطرناک راستے سے گزرنے کی کوشش کرنے والے 2 آئل ٹینکرز میں شدید دھماکوں کے بعد ہولناک آگ لگ گئی اور وہ حرکت کرنے کے قابل نہیں رہے۔

پاسدارانِ انقلاب نے عالمی بحری کمپنیوں کو انتباہ جاری کیا ہے کہ وہ اس خطے میں امریکی ہدایات پر عمل نہ کریں، جبکہ یہ بھی واضح کیا گیا ہے کہ جب تک امریکی جارحیت جاری رہے گی، آبنائے ہرمز کو بند رکھا جائے گا اور یہاں سے تیل، گیس یا کھاد کی برآمدات کی اجازت نہیں ہوگی۔

اسی اثنا میں برطانوی ادارے یو کے ایم ٹی او نے تصدیق کی ہے کہ عمان کے علاقے لیما کے شمال مشرق میں ایک آئل ٹینکر پر کسی نامعلوم شے کی ٹکر کے بعد تمام عملے نے جہاز چھوڑ دیا ہے اور وہ لائف بوٹس میں منتقل ہو گئے ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

Catch all the دنیا News, Breaking News Event and Trending News Updates on GTV News


Join Our Whatsapp Channel GTV Whatsapp Official Channel to get the Daily News Update & Follow us on Google News.

اوپر تک سکرول کریں۔